اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی تاریخی فتح پر جڑواں شہروں میں بھر پور جشن اور بھارت میں اپنے کرکٹر کے گھروں پر پتھرائو ہوا‘ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قوم کو اتنی بڑی خوشی میسر آئی ہے‘میرابس چلتا تو قوم کیلئے چھٹی کا اعلان کردیتا۔کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہتے ہیں‘ان کے مطالبات بدھ کو کابینہ اجلاس میں رکھیں گے‘ٹی ایل پی کالعدم تنظیم ہے لیکن میری خواہش ہے کہ یہ معاملہ بھی مکمل طورپر ختم ہوجائے‘وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تنظیم کے مدارس کے منجمد کھاتے بحال کرنے کی ہدایت کی ہے ‘مدارس کے اکاونٹس بحال کررہے ہیں‘ افغان شہریوں کے لئے ویزہ فیس اور آن لائن ویزا سروس ختم کر دی گئی ہے۔ پیر کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے جڑواں شہروں میں پہلے ہی کنٹینر ہٹا دیئے تھے تاکہ یہاں کے شہری اس تاریخی کامیابی کا جشن بھرپور طریقے سے منا سکیں‘ ان کا کہناتھاکہ اس وقت چمن بارڈر بند ہے۔