• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانسیسی قوانین کے تحت پاکستان بزنس فورم فرانس کی رجسٹریشن

پیرس( رضا چوہدری ) پاکستان بزنس فورم فرانس کی فرانسیسی قوانین کے مطابق رجسٹریشن ہو گئی، پاکستان بزنس فورم فرانس اور پاکستان بزنس فورم پاکستان کے درمیان خیرسگالی کے ایم او یو پر دستخط ہو گئے ، یہ بات فورم کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے میٹ دی پریس سے خطاب میں کی۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ اب یہ فورم پاکستان اور فرانس کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان آمد ورفت کا موثر ہونا انتہائی ضروری ہے، اس موقع پرپاکستان بزنس فورم فرانس کے ابتدائی تنظمی ڈھانچے اعلان بھی کیا گیایاسر خان نے بتایا کہ بزنس فورم کے بانی ارکان کی مشاورت سے فورم کے سرپرست اعلی محمد ابراہیم ڈار، چیئرمین سردار ظہور اقبال، بانی صدر حاجی محمد اسلم چوہدری ، جنرل سیکرٹری یاسر خان اور کوآرڈینیٹر صاحبزادہ عتیق الر حمن ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مشاورت سے ایگزیکٹو باڈی کے عہدیداروں اور سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اعلان کیا جائے گا جو بزنس فورم کے معاملات کو چلائے گی۔ صدر حاجی محمد اسلم چوہدری جو کہ بانی بھی ہیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان بزنس فورم فرانس کی رجسٹریشن مقامی قانون کے مطابق ہوچکی ہے اور ساتھ میں بزنس فورم کا لوگو بھی رجسٹرڈ کروادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس فورم سیاسی و مذہبی وابستگی سے بالاتر ہوکر خالص پاکستانی کمیونٹی کے لئے کام کرے گا اور پاکستان بزنس فورم فرانس کے رکنیت فارم بھی تمام شعبوں کے لوگوں کو ارسال کئے جارہے ہیں اور اگلے مرحلے میں جو ایگزیکٹو باڈی نامزد کی جائے گی اس میں 35فیصد تعداد نوجوانوں کی ہوگی۔ نومنتخب چیئرمین سردار ظہور اقبال نے تمام صحافی برادری کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ بزنس فورم کے وفد نے گزشتہ دورہ پاکستان میں اسلام آباد اور گجرات میں مختلف چیمبرز اور بزنس ایسوسی ایشن سے ملاقات کی اور باہمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور ایم او یو بھی سائن کئے۔ سردار ظہور اقبال نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ بزنس فورم کے پلیٹ فارم سے ہم فرانس کے پاکستان بزنس مینوں کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں اور ان کی قانونی معاونت بھی کریں اور اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں جن مسائل کا سامنا ہے ، ان کے تدارک کے لئے بزنس فورم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ چیف کوآرڈینیٹر صاحبزادہ عتیق الرحمن نے کہا مختلف شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے ساتھ مل کر فرانس میں بیروزگار پاکستانیوں کے روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے اور نوجوان پاکستانی طلباء کو مختلف کمپنیوں میں کورسز کے لئے بزنس فورم اپنا نیٹ ورک استعمال کرے گا۔ پاکستان بزنس فورم کے سرپرست اعلٰی ابراہیم ڈار جو کہ بزنس ٹور پر بیرون ملک تھے انہوں نے دوبئی سے بذریعہ کال اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر پاکستان بزنس فورم فرانس کے بانی ارکان نے صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ فورم کے نامزد جنرل سیکرٹری یاسر خان نے بزنس فورم کے عہدیداروں کی نامزدگیوں کی تفصیل اور فورم کے قیام اب تک کی سرگرمیوں سے آگاہ گیا ۔ آخر میں صحافیوں کے ساتھ سوال و جواب کی نشست ہوئی اور ان کی طرف سے دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کیا گیا۔

تازہ ترین