• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی سفارت خانہ بند کرنے یا فرانسیسی سفیر کو نکالنے کی پوزیشن میں نہیں، TLP کے باقی مطالبات پر اتفاق، شیخ رشید

کوئی سفارت خانہ بند کرنے یا فرانسیسی سفیر کو نکالنے کی پوزیشن میں نہیں، شیخ رشید


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے‘ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے‘ تمام افواہیں دم توڑ گئیں‘کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ فرانسیسی سفیر کے انخلاء کے مطالبہ کے علاوہ دیگر تمام مطالبات پر اتفاق رائے ہے۔

کسی سفارتخانے کو بند کرنے یا فرانسیسی سفیرکو نکالنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں‘سفیر کو نکالنے سے عالمی امداد بند اور پاکستان کو عالمی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘ پاکستان کے خلاف پابندیاں لگانے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔

ملکی مفاد میں کالعدم ٹی ایل پی فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے فیصلے پر نظرثانی کرے‘ملک و قوم کی بہتری کیلئے کالعدم ٹی ایل پی کے رہنمائوں سے مثبت فیصلے کی امید رکھتا ہوں‘ہم ملک میں ہر صورت امن برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے‘ اس حوالہ سے اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ 

انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ طے شدہ تمام معاملات پر قائم ہیں‘ کالعدم ٹی ایل پی کو وعدے کے مطابق منگل کی رات 12 بجے تک سڑک کے دونوں اطراف کھول دینے چاہئیں ، کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ پھر رابطہ کروں گا ۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت اور 22 کروڑ کی مجبوریاں ہیں‘ ہم عالمی دباؤ میں آجائیں گے‘معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے تو اپوزیشن سپورٹ نہیں کرے گی اور پھر یہ معاملہ اٹھ جائے گا‘مسئلہ کو مستقل طورپر حل کر نا چاہئے‘وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کا یہ مجموعی طور پر چھٹا دھرنا ہے۔

ٹی ایل پی کے جتنے لوگ پکڑے گئے ہیں اور فورتھ شیڈول میں ہیں، اس معاملہ پر بھی بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ٹی ایل پی کے ایک مطالبہ پر 2 نومبر کی تاریخ طے کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملہ کو مستقل طور پر حل کریں، ایسا نہ ہو کہ یہ 2 نومبر کو ایک معاملہ پر پھر احتجاج کریں۔ 

تازہ ترین