• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کا پاکستان کیلیے معاشی امداد کے پیکج کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے اگلے ہی روز بڑا اقدام سامنے آگیا، سعودی عرب کی جانب سے زرمبادلہ ذخائر کی بہتری کیلیے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دئیے جائیں گے۔

خبر ایجنسی کے مطابق سعودی فنڈ برائے ترقی کی جانب سے پاکستان اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر جمع کروائے جائیں گے۔

خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو تیل خریداری میں بھی مدد دینے کا اعلان کیا ہے، پاکستان کو رواں سال تیل خریداری کیلیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ملیں گے۔

سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے پر ہمیشہ گامزن رہے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سعودی ترقیاتی بینک 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کو دےگا اور تیل خریداری میں بھی مدد دی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر رواں سال تیل خریداری کیلیے فراہم کیے جائیں گے۔

وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ سعودی ترقیاتی فنڈ پاکستان کو موخر ادائیگیوں کی سہولت پر تیل فراہم کرے گا، پاکستان کو سالانہ 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل ملےگا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی امداد سے تجارت اور فاریکس اکاونٹس پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

قومی خبریں سے مزید