• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

T20 ورلڈ کپ میں دوسری کامیابی، نیوزی لینڈ بھی زیر، قوم کی خوشی دوبالا، جیت کا جشن جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر قوم کی خوشی دوبالا کردی، گرین شرٹس کی کامیابی کے ساتھ ہی پورا کراچی فائرنگ، پٹاخوں اور آتش بازی سے گونج اٹھا۔ نوجوان جیت کا جشن مناتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ بعض سڑکوں پر منچلے دیوانہ وار رقص کررہے تھے۔ کئی مقامات پر خواتین بھی رقص کرتی ہوئی نظر آئیں۔ پاکستان کی جیت کے ساتھ اچانک ہزاروں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور ایک دوسرے کو جیت پر بغل گیر ہوکر مبارک باد دیتے رہے۔ کئی سابق کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر ٹیم کومبارک باد دی۔ شارجہ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر پاکستانیوں نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے ۔ کراچی میں کئی جگہوں پر شائقین نے بڑی اسکرین پر خوش و خروش کے ساتھ میچ دیکھا۔ دریں اثنا میچ کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کی جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو دیا لیکن انہوں نے سنیئر کھلاڑی شعیب ملک کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ آصف علی کو فنشر کا رول دیا گیا تھا انہوں نے میچ فنش کیا، یہ ٹیم اسپرٹ کی وجہ سے جیت ممکن ہوئی ۔ شعیب ملک نے سینئر کی حیثیت سے بھر پور کردار ادا کیا ۔ پچ لو اور سلو تھی لیکن ہم نے دس رنز زیادہ دیئے۔ منگل کی شب بابر اعظم نے کہا کہ جیت سے خوش ہوں ہر جیت سے اعتماد آتا ہے اسی اعتماد کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ ہم نے میچ میں فیلڈنگ بہت اچھی کی فیلڈنگ میں کارکردگی بہت اچھی بات ہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے کہا کہ پاکستان ٹیم بہت مضبوط تھی ان کنڈیشن میں ہمیں آئوٹ کلاس کردیا، بولروں نے ہمیں بڑا اسکور کرنے نہیں دیا۔ ہماری کارکردگی مایوس کن رہی۔ کھیل میں زبردست کارکردگی کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، اس کے باوجود ہم کوشش ضرور کی لیکن پاکستان ٹیم ہم سے بہتر تھی۔ پلیئر آف دی میچ حارث رئوف نے کہا کہ کامیابی ٹیم ا سپرٹ کا نتیجہ ہے۔ میں لاہور قلندرز انتظامیہ کو کریڈٹ دوں گا جن کی کوشش سے آج مجھے یہ مقام ملا ہے۔

تازہ ترین