• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت مشاورت سے فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی ہے، سینئر صحافی اور تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ ماضی دیکھیں تو اب فوج اور حکومت کے درمیان تعلقات اچھے نہیں رہیں گے۔

ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے فیصلے سے آئی ایس آئی، کراچی کور اور پشاور کور کو چھ ہفتے کیلئے مفلوج کر دیا ہے، الیکشن کمیشن ، چیئرمین نیب سے لے کر فوج کی کلیدی تقرریوں تک حکومت نے ہر تعیناتی کو متنازع بنایا ہے، یہ پیٹرن بتاتا ہے کہ حکومت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی ہے۔ 

سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری میں لاڈلے کی کچھ نکی نکی خواہشات بھی پوری ہوگئی ہیں، وزیراعظم ہاؤس سے ایک اور وعدے کی بھی خلاف ورزی کی گئی، میری معلومات کے مطابق طے ہوا تھا کہ وزیراعظم سمری میں لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام پر دستخط کریں گے۔

وزیراعظم کی فیس سیونگ کیلئے طے ہوا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ تینوں نامزد افسران کی ملاقاتیں ہوں گی لیکن یہ بھی طے کیا گیا تھا کہ یہ انٹرویوز نہیں ملاقاتیں ہوں گی اور اس کی خبر یا تصاویر جاری نہیں کی جائیں گی، وزیراعظم ہاؤس کی پریس ریلیز میں اس کمٹمنٹ کی بھی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ 

سلیم صافی کا کہنا تھا کہ ماضی دیکھیں تو اب فوج اور حکومت کے درمیان تعلقات اچھے نہیں رہیں گے، وزیراعظم عمران خان نے ایک ناجائز معاملہ پر اسٹینڈ لیا، عمران خان نے بیس دن تک جنرل سے لے کر سپاہی تک فوج کے ادارے کو کرب سے گزارا، فوجی قیادت نے اس دوران تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن یہ زخم اتنی جلدی مندمل نہیں ہوں گے۔پروگرام میں سابق کرکٹرز انضمام الحق،مشتاق احمد،سکندر بخت اور شعیب اختر نے بھی اظہار خیال کیا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف پچ پر 135رنز کا ہدف بھی بڑا تھا، ٹاپ آرڈر کے بعد لوئر آرڈر کا اسکور کرنا پاکستان کیلئے اچھی علامت ہے، آصف علی نے نیوزی لینڈ کیخلاف اپنا کردار اچھی طرح نبھایا، کپتان اور باؤلرز نے آسان پچ پر نیوزی لینڈ کو 135رنز پر آؤٹ کر کے زبردست کارکردگی دکھائی، بابر اعظم نے اٹیک کرنے کی کوشش بالکل درست کی، ٹی ٹوئنٹی میں چھ اوورز کو استعمال کرنا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ 

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں بہتری کی گنجائش ہے لیکن مجموعی طور پر بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، بابر اعظم نے اچھی کپتانی کرتے ہوئے اپنے ہتھیار اچھی طرح استعمال کیا، افغانستان کے کھلاڑی پوری دنیا میں فرنچائز کرکٹ کھیلتے ہیں۔

تازہ ترین