• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اراضی پر قبضہ سنگین مسئلہ، حکام زمینوں کا تحفظ یقینی بنائیں، چیف جسٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ نےسندھ بلوچستان سمیت خیبر پختونخوا کے سینئر ممبرز بورڈ آف ریونیو کو ریکارڈ کمپوٹرائزڈ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے آئندہ سیشن سے قبل جامع رپورٹ بھی طلب کر لی ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے سرکاری زمینوں پر قبضہ سنگین مسئلہ ہے، حکام سنجیدہ اقدامات کریں سرکاری زمینوں کا تحفظ یقینی بنائیں، ایک عام فرد کو تو اندر داخل ہی نہیں ہونے دیا جاتا محکمہ ریونیو کی حدود میں۔ ریونیو ریکارڈ تک عام فرد کا تو داخلہ ہی ممکن نہیں۔ منگل کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل بینچ کے روبرو ملک بھر کی ریونیو کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے سے متعلق سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ابھی بھی بڑے پیمانے پر ریونیو اراضی پر قبضے ہیں۔ عدالت کو بتایا جائے کہ کراچی میں ریونیو کی کل کتنی اراضی پر قبضے ہیں۔ عدالت نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو جامع رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریونیو ریکارڈ میں 2 لاکھ سے زائد مشتبہ انٹریز پر بھی کارروائی کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کیا ریکارڈ اتنا محفوظ ہو کہ اسے ٹیمپر نہ کیا جاسکے؟ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ ریکارڈ ویب سائٹ پر پبلش کردیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے سرکاری زمینوں سے قبضہ چھڑانے کیلئے کیا اقدامات کیے؟ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ محکمہ آب پاشی اور محکمہ جنگلات کے تعاون سے کوشش کررہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے رپورٹ میں یہ کیوں نہیں بتایا گیا کتنی زمینوں پر قبضہ ہے؟ اصل بات تو یہ ہے کہ کتنے ایکڑ پر قبضہ باقی ہے۔ عدالت نے بورڈ آف ریونیو کو تجاوزات اور قبضہ سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنرز کی مدعیت میں مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے سندھ ریونیو کی رپورٹ کہاں ہے؟ ممبر بورڈ آف ریونیو سندھ نے بتایا کہ 95 فیصد ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا۔ صوبائی ریکارڈ سیل کا ڈیٹا بھی کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے سرکاری اراضی پر جہاں بھی قبضہ ہو، خالی کرایا جائے۔ عدالت نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو عمل درآمد کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے سندھ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریونیو کیس کی سماعت آئندہ سیشن کیلئے ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پرانی سبزی منڈی پر واقع عسکری پارک کے کمرشل استعمال سے متعلق چیئرمین ہیومین رائٹس پروٹیکشن انٹرنیشل نوید احمد خان کی دررخواست پر سماعت کی۔سپریم کورٹ نے پرانی سبزی منڈی پرواقع عسکری پارک کے کمرشل استعمال سے متعلق کمانڈر انجینئرفائیور کورکراچی اورمیونسپل کمشنر کے ایم سی کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے تجوری ہائٹس سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے کیسز کی تفصیلات طلب کرلی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے سندھ ہائیکورٹ میں زیر سماعت کیسز کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ سپریم کورٹ نے تجوری ہائیٹس سے متعلق درخواست کی سماعت جمعرات 28 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین