• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے پنجاب میں دو ماہ کیلئے رینجرز بلالی



وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے 2 ماہ کیلئے پنجاب میں رینجرز تعینات کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1995 کا اختیار 60 دن کے لیے پنجاب حکومت کو دیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم کے لوگوں نے سادھوکی میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، فائرنگ سے تین پولیس اہل کار جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے کالعدم تنظیم کو کہا ہے کہ فرانس کی ایمبیسی کو بند نہیں کرسکتے، فرانس کا سفیر پاکستان میں موجود ہی نہیں، ٹی ایل پی کا ایجنڈا کچھ اور ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کل بھی بتایا تھا غیرملکی طاقتیں پاکستان پر پابندیاں لگانا چاہتی ہیں، کالعدم تحریک لبیک والے عسکریت پسند ہوچکے ہیں، سادھو کی میں کالعدم تحریک لبیک والوں نے کلاشنکوفوں سے پولیس پر فائرنگ کی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ اب بھی کہہ رہا ہوں کہ کالعدم تحریک لبیک والے واپس چلے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا احترام کرتا ہوں وہ صورتحال کو سمجھیں۔

تازہ ترین