چیئرمین سمیع اللّٰہ کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی ارکان اسمبلی نے جم خانہ کی تعمیرات کے منظور شدہ نقشے پیش نہ کیے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ممبر کمیٹی افتخار حسین نے کہا کہ عام شہری بغیر نقشے کے گھر نہیں بنا سکتا تو جم خانہ کی تعمیرات کا ریکارڈ کہاں ہے؟
اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ جم خانہ انتظامیہ کے مطابق 5 ایکڑ پر تعمیرات کی اجازت لی گئی، لیکن میونسپل کارپوریشن نے جم خانہ کی تعمیرات کی منظوری دینے سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔
کمیٹی چیئرمین سمیع اللہ خان نے کہا کہ تعمیرات کی اجازت الگ اور بلڈنگ پلان الگ ہوتا ہے، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا لیز کی خلاف ورزی پر لیز منسوخ ہو سکتی ہے، کمیٹی میں جم خانہ کے منافع اور ٹیکس ادائیگیوں کی تفصیلات طلب کرنے کی تجویز دی گئی۔
ممبر جم خانہ کمیٹی سلمان صدیق نے کہا کہ جم خانہ نے رواں سال 19 کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا، 5 ہزار روپے کرایہ ہمارے لیے بھی حیران کن تھا، خیال تھا کہ کرایہ چند لاکھ روپے ہوگا، اسپیشل کمیٹی کرایہ بڑھانے کا فیصلہ کرے تو کرایہ ادا کریں گے۔