• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش پاکستانی ڈاکٹر راحیل احمدجان منرو میڈل کیلئے نامزد

لندن (جنگ نیوز) برٹش پاکستان کارڈیا لوجسٹ ڈاکٹر راحیل احمد نارتھمبریا ہیلتھ کیئر این ایچ ایس فائونڈیشن ٹرسٹ میں تعلیمی خدمات کی فراہمی پر جان منرو میڈل کیلئے نامزد ہوگئے، انہیں یہ میڈل10دسمبر کو رائل کالج آف فزیشنز آف ایڈنبرا کی طرف سے ایک تقریب میں پیش کیا جائے گا، اس اعزاز کوآنجہانی ڈاکٹر جان منرو کے نام سے موسوم کیا گیا ہے جو ان کی ایس اے ایس ڈاکٹرز کی تدریس و تربیت کا اعتراف ہے۔ ڈاکٹر منرو نے 40 برس سے زائد عرصہ تک دنیا بھر کے ڈاکٹرز کو تربیت فراہم کی۔ رجسٹرار کے عہدے پر فائز ڈاکٹر کسی خاصی شعبہ میں ایڈوانس تربیت حاصل کرکے کنسلٹنٹ بنتا ہے۔ ڈاکٹر راحیل احمد نے گزشتہ14ماہ نارتھمبریا ہیلتھ کیئر کی کارڈیالوجی ٹیم کے ساتھ گزارے، اس دوران انہوں نے متعدد پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کے علاوہ پری میڈیکل اسکول کا دورہ کیا اور انہیں ایک ڈاکٹر اور کارڈیالوجسٹ کی زندگی کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ راحیل احمد کا کہنا تھا کہ کارڈیالوجی اینڈ جنرل میڈیکل رجسٹرار کے طور پر کام کرکے انہیں شاندار تجربہ حاصل ہوا۔ کارڈیالوجی سپروائزر ڈاکٹر ڈیوڈ رپلے اور دیگر کنسلٹنٹس نے مجھے تدریسی مواقع فراہم کئے جس کے لیے میں ان کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ ہر ڈاکٹر میں ٹیچر کی صلاحیتیں بھی ہونی چاہئیں تاکہ وہ اپنے نوجوان ساتھیوں اور مریضوں کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھ سکے۔ کنسلٹنٹ ڈاکٹر رپلے جنہوں نے ڈاکٹر راحیل احمد کو اس اعزاز کے لیے نامزد کیا، ان کا کہنا تھا کہ ٹرسٹ میں ٹیچنگ کو ایک اہم مقام حاصل ہے۔ اس سے مریض کی بہتر نگہداشت کے علاوہ عملہ کو اپنے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی ملتے ہیں اور یہ بات باعث خوشی ہے کہ ڈاکٹر راحیل احمد نے ہمارے ساتھ رہتے ہوئے اپنا علم دوسروں تک پہنچایا۔ 
تازہ ترین