• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیروز خان کا ’خدا اور محبت‘ سے متاثر نوجوان کیلئے پیغام

جیو انٹرٹینمنٹ کی مقبول ترین ڈرامہ سیریز ’خدا اور محبت‘ کے سیزن 3 کے مرکزی کردار فرہاد سے مُتاثر ہونے والے نوجوان سے متعلق فیروز خان کا بیان سامنے آگیا ہے۔

حال ہی میں فیروز خان سے ایک انٹرویو کے دوران محبت میں ناکامی کے بعد ملنگ کا روپ دھارنے والے ملتان کے عظیم اللّہ قریشی نامی نوجوان سے متعلق سوال کیا گیا جس پر فیروز خان نے نوجوان پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وہ نوجوان ایسا روپ دھار کر کم عرصے میں شہرت پانا چاہتا ہے۔


فیروز خان نے کہا کہ ’ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ اب ہم ایسے دور سے گُزر رہے ہیں جہاں لوگ شہرت پانے کے لیے ہر وہ غلط کام کررہے ہیں، شہرت کے چکر میں وہ اس قدر پاگل ہوجاتے ہیں کہ اُنہیں اس بات کا احساس تک نہیں ہوتا کہ اُن کے ایسا کرنے سے اُن کے اردگرد کے لوگوں اور ملک کو کیا نقصان پہنچے گا۔‘

اداکار نے کہا کہ ’مثلاََ ٹک ٹاک اور دیگر حالیہ واقعات کی وجہ سے ہمارے ملک کی امیج کو کافی نقصان پہنچا ہے جبکہ ان واقعات کے پیچھے کوئی حقیقت بھی نہیں تھی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ہم ان مسائل پر جتنی زیادہ بات کریں گے یہ اُس قدر بڑھتے جائیں گے لہٰذا میں ان پر بات کرنے سے گریز کرتا ہوں۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر وائرل ہوئی تھیں جوکہ ملتان کے ایک رہائشی نوجوان کی تھی جس نے ہوبہو ’خدا اور محبت‘ کے مرکزی کردار فرہاد کی طرح روپ دھارا ہوا تھا۔

مقامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق دسویں جماعت کا طالبعلم عظیم اللّہ قریشی ہر جمعہ کوحضرت شاہ شمس تبریز کے مزار پر جوگی کے حلیے میں بیٹھ جاتا ہے اور اپنی محبت کو یاد کرکے تسبیحات پڑھتا ہے۔

عظیم اللّہ ہر جمعے کو اس امید پر مزار پر بیٹھتا ہے کہ جیسے ڈرامے میں فرہاد کی ماہی سے ملاقات مزار پر ہوئی تھی ویسے اس کی کھوئی ہوئی محبت بھی اسے مزار پر مل جائے گی۔

عظیم اللّہ نے اپنی محبت کے بارے میں بتایا کہ وہ اس کے ساتھ اسکول میں پڑھتی تھی مگر اس نے عظیم کو دھوکا دیا اور کسی اور سے شادی کرلی، اسے اس لڑکی سے عشق تھا، وہ مزار سے اس وقت ہی اٹھے گا جب وہ اسے دوبارہ مل جائے گی۔ 

لڑکی کی بے پناہ محبت میں گرفتار عظیم نے بتایا کہ وہ محبت میں ناکام ہونے کے ساتھ ساتھ امتحانات میں بھی فیل ہوگیا، وہ اس کی یاد میں یہاں ہمیشہ بیٹھا رہے گا، اگر فیروز خان کو اس کی محبت مل گئی تو اسے بھی ملے گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید