• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آریان خان آج رات بھی جیل میں گزاریں گے


بالی ووڈ کے اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان منشیات کیس میں ضمانت منظور ہونے کے باوجود آج رات بھی جیل میں گزاریں گے، انہیں کل رہا کیا جائے گا۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ آریان خان کو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے رہا کیاجانا تھا، مگر کاغذی کارروائی مکمل نہ ہونے کے باعث انہیں آرتھر روڈ جیل سے ہفتے کے روز رہا کیا جائے گا۔

کاغذی کارروائی مکمل نہ ہونے کے باعث آریان خان کو آج رات بھی جیل میں گزارنا پڑے گی۔

منشیات کیس، آریان کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری

ممبئی ہائیکورٹ نے منشیات کیس میں گرفتار آریان خان کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالتی فیصلے میں آریان خان اور ان کے ساتھ گرفتار ہونے والوں کو ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت کی جانب سے جاری تحریری فیصلے کے مطابق آریان خان کو اپنا پاسپورٹ عدالت کے حوالے کرنا ہوگا اور وہ ڈرگز آن کروز کیس کے تفتیشی افسر کی اجازت کے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکیں گے۔

ضمانت کی ان شرائط کے علاوہ ممبئی ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ آریان خان میڈیا کے سامنے عدالتی کارروائی کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیں گے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق جمعرات کو ضمانت حاصل کرنے والے آریان خان، ارباز مرچنٹ اور مونمون دھامیچا کو ہر جمعے کو این سی بی کے دفتر میں حاضر ہونا پڑے گا اور انہیں تمام تاریخوں پر عدالت میں بھی حاضر ہونا پڑے گا۔

خیال رہے کہ بھارت کے انسداد دہشت گردی کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی میں ساحل کے قریب کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپا مارکر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور ان کے دوست ارباز مرچنٹ کو گرفتار کیا تھا۔

این سی بی کی جانب سے ان پر منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جسے پہلے آریان نے مسترد کیا جبکہ بعد میں اس سے متعلق اعتراف بھی کرلیا تھا۔

ممبئی ہائی کورٹ میں آریان خان کے وکیل سابق اٹارنی جنرل مکول روہاتگی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ آریان کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔

تازہ ترین