• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 30 اکتوبر ، 2021

منشیات کیس: شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان 3 ہفتے بعد جیل سے رہا


ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو رہا کردیا گیا، منّت پہنچنے پر شاہ رخ خان کے مداحوں نے ڈھول کی تھاپ میں آریان خان کا استقبال کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہائی مل گئی ہے۔

3 ہفتے بعد آریان خان کی ضمانت:

یاد رہے کہ گزشتہ روز ممبئی ہائی کورٹ کی طرف سے آریان خان کی ضمانت کا  تفصیلی حکم جاری کیا گیا۔

آریان خان کی ضمانت کی شرائط: 

شرط نمبر 1:

این ڈی پی ایس عدالت کی پیشگی اجازت کے بغیر ملک چھوڑنے پر پابندی تھی۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرادیں۔ 

شرط نمبر 2:

انہیں سوشل میڈیا یا میڈیا ہاؤسز پر کارروائی کے بارے میں کوئی بیان دینے سے بھی منع کیا گیا ہے۔


شرط نمبر 3:

آریان خان کو اپنے تفتیشی افسر کو بتائے بغیر ممبئی سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ 

شرط نمبر 4:

آریان خان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ہر جمعہ کو صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان این سی بی کے دفتر میں اپنی موجودگی ظاہر کریں گے۔

کسی بھی شرط کی خلاف ورزی آریان خان کی ضمانت منسوخی کا باعث بن سکتی ہے۔

ممبئی کروز شِپ منشیات کیس کا پسِ منظر

2 اکتوبر:

رواں ماہ 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا۔

3 اکتوبر:

رواں ماہ 3 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے اس خبر کی تصدیق کی گئی آریان خان سمیت دیگر افراد منشیات استعمال کرنے کے الزام میں زیرِ حراست ہیں۔

اس کے بعد شاہ رخ خان کے بیٹے اور دیگر زیرِ حراست افراد کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا۔

4 اکتوبر: 

4 اکتوبر کو آریان خان کی ضمانت کے لیے ممبئی کی خصوصی عدالت میں پہلی سماعت ہوئی جس میں آریان خان سمیت دیگر افراد کو 11 اکتوبر تک این سی بی کی حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا۔

اسی سماعت کے دوران آریان خان کے وکیل نے دلیل پیش کی کہ آریان خان کے پاس سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی۔

7 اکتوبر: 

7 اکتوبر ممبئی کی عدالت نے آریان خان سمیت دیگر 7 ملزمان کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجا۔

8 اکتوبر: 

8 اکتوبر کو آریان خان کو ممبئی آرتھر روڈ جیل منتقل کیا گیا۔

10 اکتوبر: 

10 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے شاہ رخ خان کے ڈرائیور کا بیان لیا۔

11 اکتوبر: 

11 اکتوبر کو ممبئی کی عدالت نے آریان خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کی اور این سی بی سے اُن کا جواب عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا۔

14 اکتوبر:

14 اکتوبر کو ممبئی کی عدالت نے آریان کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ممبئی کی عدالت نے آریان خان کو مزید 20 اکتوبر تک جیل میں رہنے کا حکم دیا۔

 20 اکتوبر: 

20 اکتوبر کو ممبئی کی خصوصی عدالت میں آریان خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ہوئی جس میں اُن کی ضمانت مسترد کردی گئی۔

21 اکتوبر:

21 اکتوبر کو بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے ممبئی کے آرتھر روڈ جیل میں اپنے بیٹے آریان خان سے ملاقات کی۔

اسی دوران آریان خان کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے آریان خان کی ضمانت کے لیے رجوع کیا۔

26 اکتوبر:

26 اکتوبر کو بمبئی ہائی کورٹ نے آریان خان کی درخواستِ ضمانت کی سماعت شروع کی لیکن فیصلہ نہیں سُنایا گیا۔

28 اکتوبر:

28 اکتوبر کو بالآخر ممبئی ہائی کورٹ کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی گئی۔