ممبئی کروز شپ منشیات کیس میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کامن سیل منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کی آرتھر روڈ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ آریان خان کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا جس کے نتائج منفی آئے ہیں اور اب اُنہیں کامن سیل منتقل کردیا گیا ہے۔
آرتھر روڈ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے بھارتی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’آریان خان سمیت دیگر پانچ افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں جس کے بعد یہ تمام افراد کامن سیل منتقل ہوگئے ہیں۔
23 سالہ آریان خان کو منشیات کیس میں ضمانت مسترد ہونے کے بعد آرتھر روڈ جیل بھیج دیا گیا جبکہ ممبئی کی ایک عدالت آج ان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان خان پر الزام لگایا ہے کہ وہ منشیات استعمال کرتے تھے اور بیرون ملک کچھ ایسے افراد کے ساتھ رابطے میں تھے جو منشیات کی غیر قانونی خریداری کے لیے بین الاقوامی ڈرگ نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں درخواست ضمانت آج (جمعرات) تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔
عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی وجہ یہ تھی کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے وکیل اے ایس جی انیل کمار سنگھ کی جانب سے بدھ کی شام ساڑھے پانچ بجے تک دلائل مکمل نہیں کیے جاسکے تھے۔