بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کے بیٹے آریان خان نے اننیا پانڈے سے گانجے کا بندوبست کرنے کا کہا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز اننیا پانڈے سے پوچھ گچھ کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اداکارہ سے آریان خان اور اُن کی واٹس ایپ چیٹس سے متعلق گفتگو بھی کی۔
ذرائع نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے مطابق این سی بی نے اننیا پانڈے کو آریان خان کے ساتھ کی جانے والی اُن کی واٹس ایپ چیٹ دکھائی جس میں آریان خان نے اداکارہ سے پوچھا تھا کہ ’کیا منشیات (گانجا) کے انتظامات کیے جا سکتے ہیں؟‘
آریان خان کے پوچھنے پر اننیا پانڈے نے کہا تھا کہ ’میں منشیات کا بندوبست کرلوں گی۔‘
این سی بی ذرائع کے مطابق جب اُنہوں نے اننیا پانڈے سے واٹس ایپ چیٹ کے حوالے سے سوال کیا تو اُن کا کہنا تھا کہ وہ آریان خان سے مذاق کررہی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز منشیات کے سلسلے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی ووڈ کی نوجوان اداکارہ اننیا پانڈے کے گھر چھاپہ مارا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں این سی بی کی جانب سے جو واٹس ایپ چیٹس عدالت میں پیش کی گئی تھیں اُن میں اداکارہ اننیا پانڈے کی چیٹس بھی شامل تھیں اور اسی وجہ سے اُن کے گھر چھاپہ مار کر اُنہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
کروز شپ مشنیات کیس کا پسِ منظر
بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی اپنی آنے والی فلم کی ساتھی اداکارہ کے ساتھ منشیات کے حوالے سے کی جانے والی واٹس ایپ چیٹ بھی عدالت میں پیش کی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ چیٹس سے ظاہر ہو رہا تھا کہ آریان خان اور اداکارہ کے درمیان منشیات کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی۔