ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی گرفتاری نے بالی ووڈ کے خانز سلمان اور شاہ رخ کے خاندانوں کو ایک دوسرے کے قریب کردیا ہے اور دونوں خاندان مل کر آریان کی رہائی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
شاہ رخ خان اور سلمان خان کئی دہائیوں سے دوست ہیں۔ 1995 کی بلاک بسٹر ’کرن ارجن‘ میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد، اداکار گہرے دوست بن گئے۔ اگرچہ ان کی دوستی میں اتار چڑھاؤ نظر آیا لیکن آریان خان کیس نے انہیں اور ان کے خاندانوں کو اس طرح اکٹھا کر دیا ہے جیسے ان کے درمیان کوئی رنجشیں ہی نہیں تھیں۔
آریان خان کی گرفتاری کے بعد سلمان خان شاہ رخ کے گھر جانے والی پہلی مشہور شخصیت تھے۔ ان کے اہل خانہ، بہن اور والد سلیم خان بھی کنگ خان کے گھر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کے والدین آریان خان کے گھر واپس آنے کی دعا کر رہے ہیں۔ سلمان خان، شاہ رخ خان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور انہیں تقریباً ہر روز فون کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں شاہ رخ خان نے ایک شو کے دوران کہا تھا کہ وہ ہمیشہ سلمان خان پر بھروسہ کر سکتے ہیں کہ وہ مصیبت کے وقت ان کے اور ان کے خاندان کے ساتھ ہوں گے۔
دوسری جانب شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات برآمدگی کیس میں گزشتہ روز ضمانت نہیں مل سکی، کیس کی سماعت ایک روز کے لیے ملتوی کردی گئی جس کے بعد ان کے 15 نومبر تک جیل میں رہنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔