بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے اپنے گھر کے ملازمین کو ہدایت دی ہے کہ اُن کے بیٹے آریان خان کو ضمانت نہ ملنے تک گھر میں کسی قسم کا کوئی میٹھا نہیں بنایا جائے۔
اداکار شاہ رخ خان کی فیملی، اس وقت ایک انتہائی مشکل وقت سے گُزر رہی ہے کیونکہ اُن کے بڑے بیٹے آریان خان منشیات کیس میں گرفتار ہیں اور اب تک اُن کی ضمانت کی کوئی اُمید نظر نہیں آرہی ، بیٹے کی جدائی کی تڑپ نے گوری کو شدید غمزدہ کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری کو معلوم ہوا کہ اُن کے گھر کے ملازمین دوپہر کے کھانے کے دوران باورچی خانے میں کھیر پکا رہے تھے، یہ خبر سُن کر گوری خان نے فوراََ اپنے گھر کے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ جب تک آریان کی رہائی نہ ہو گھر میں کوئی میٹھی ڈش نہ بنائیں۔
دوسری جانب شاہ رخ خان نے انڈسٹری سے وابستہ اپنے دوستوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس آزمائشی وقت میں اُن کے گھر آنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔
شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔