کراچی پولیس نے ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے سلسلے میں مربوط سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے۔
کراچی پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ایس ایس یو کے ترجمان کے مطابق سیکیورٹی پلان کے سلسلے میں ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں پولیس، آرمی، سندھ رینجرز اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر افسران اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء کو میچز کے دوران حفاظتی انتظامات سے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایس ایس یو کے 368 کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کے500 اہلکار حفاظتی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ ایس ایس یو کی لیڈی کمانڈوز بھی سیکیورٹی فرائض پر مامور ہوں گی۔
اسپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بسیں نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کرنے کے لیے عملے سمیت موجود ہوں گی۔ ایس ایس ایس یو کی "سواٹ" ٹیم بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔