کراچی (جنگ نیوز) خود فریبی میں مبتلا بھارتی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قسمت نمیبیا، اسکاٹ لینڈ اور افغانستان کے ہاتھ میں ہے۔
کھلاڑیوں کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملانے والے میڈیا اور ڈینگیں مارنے والے سابق کرکٹرز نےدو میچز میں شکست کے بعد ان کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم شروع کردیا ہے۔
ورلڈکپ سے عین قبل آئی پی ایل کے انعقاد کو ناقص کارکردگی کی بڑی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
پلیئرز نے کہنا شروع کردیا ہے کہ لیگ کے سبب تھکاوٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔
دلچسپ بات ہے کہ آئی سی سی کے اہم ترین ایونٹ سے قبل پریمیئر لیگ میں شرکت سے کسی نے انکار نہیں کیا تھا۔ سابق کپتان سنیل گاوسکر، کپل دیو، مدن لال، گوتم گھمبیر، بڑی بڑی شیخیاں مارنے والے ہربھجن سنگھ ،وریندر سہواگ اور دیگر ماہرین ناکامیوں پر ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹیم کے صف اول کے پیسر جسپریت بمراہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ٹیم ببل کی پابندی سے تھکاوٹ کا شکار ہوگئی ہے ، ہم پر مسلسل 6 ماہ کے سفر کے منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ جب آپ چھ ماہ تک خاندان سے دور ہوں تو کبھی کبھار وقفے کی ضرورت ہوتی ہے۔