کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم پیر کو کراچی پہنچ گئی۔ مہمان ٹیم کو کراچی میں اسٹیٹ سیکیورٹی دی جائے گی۔ ٹیم تین دن مقامی ہوٹل میں آئسولیشن میں گزارے گی۔ جمعرات4 نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز ہوگا، مہمان ٹیم5 اور 6 نومبر کوکراچی جمخانہ میں پریکٹس کرے گی۔ 7 نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس ہوگی۔ پاکستانی کرکٹرزکے پیر کو کوویڈ19 ٹیسٹ ہوئے، منفی نتیجے والی کرکٹرز منگل سے پریکٹس کا آغاز کریں گی۔ کورونا کا شکار تین کرکٹرز 6 نومبر تک آئسو لیشن میں رہیں گی۔ اگلے روز ان کے کوویڈ ٹیسٹ لیے جائیں گے، منفی نتیجہ آنےکی صورت میں وہ پہلے ون ڈے میں شرکت کی اہل ہوں گی۔ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کو 16 نومبر کو زمبابوے روانہ ہونا ہے جہاں وہ 21 نومبرتا 5 دسمبر آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کریں گی۔ ویسٹ انڈیز کی قیادت اسٹیفنی ٹیلر کی قیادت کررہی ہیں۔ سیریز کے تین میچ نیشنل اسٹیڈیم میں آٹھ، گیارہ اور چودہ نومبر کوکھیلے جائیں گے۔ مہمان اسکواڈ میں انیسہ محمد (نائب کپتان)، عالیہ علینے، شامیلیہ کونیل، ڈینڈرا ڈوٹن، شنیتا گرمونڈ، شینلے ہنری، کیانہ جوزف، کیسیا نائٹ، کیشونا نائٹ، ہیلے میتھیوز ، چیڈن نیشن، شاکرہ سلیمان اور راشدہ ولیئیم شامل ہیں۔ شیری این فریسیر، شفیقہ غزنوی، اور کرشنا رام ہریک ریزرو کھلاڑی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی میچوں میں تماشائیوں کو شرکت کی اجازت دے گا۔