15 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ آج سے کراچی میں شروع ہوگی جو 6 نومبر تک پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں کھیلی جائے گی۔ ٹور نامنٹ ڈائریکٹر کموڈور کامران احمد نے سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان کے ساتھ کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئن شپ میں 23 میچ ہوں گے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپیئن شپ انٹرنیشنل رینکنگ پوائنٹس کی حامل ہے جس میں انٹر نیشنل رینکنگ والے 9 مقامی اور 15 انٹرنیشنل غیرملکی کھلاڑی حصہ لیں گے۔غیر ملکی کھلاڑیوں کا تعلق 4مختلف ممالک سے ہے جن میں مصر، ہانگ کانگ، امریکہ اور کویت شامل ہیں۔
پہلی چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ سال2000 میں کھیلی گئی تھی جس کی انعامی رقم 6000 امریکی ڈالر تھی۔ رفتہ رفتہ اس انعامی رقم میں اضافہ ہوتا گیا تاکہ اسکواش کے کھیل کو فروغ دیا جا سکے اور دنیا کے بہترین کھلاڑی اس کورٹ میں آکر اپنا کھیل پیش کریں۔رواں برس انعامی رقم 20000 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔پاک بحریہ کی اسکواش کے کھیل سے وابستگی گہری اور پرانی ہے جو قیام پاکستان کے وقت سے ہی شروع ہو گئی تھی۔
ابتدا میں اسکواش کا کھیل منوڑہ کے ایک سنگل کورٹ سے شروع کیا گیا تاہم وقت کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کی جانب سے انفرا اسٹرکچر میں بہتری لائی گئی تاکہ سنیئرکھلاڑیوں اور نئے آنے والے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولت فراہم کی جا سکیں۔ان ہی کاوشوں کے نتیجے میں آج روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس پاکستان کا سب سے بڑا اور ورلڈ کلاس اسکواش کمپلیکس ہے۔سنگل کورٹ سے ورلڈ کلاس کمپلیکس تک کا یہ سفر کھیلوں کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے عزم کے باعث ممکن ہوا۔