مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت نے تو 22 کروڑ پاکستانیوں کو سبسڈی کا مستحق بنادیا۔
وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اپنے خطاب میں وزیراعظم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی بڑھانے کی نوید سنا گئے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان کا خطاب غریب عوام کے لیے سبز باغ تھا۔
قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ریلیف پیکج 1 کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں کے جھانسے کی نئی قسط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ماضی کی حکومتوں پر اپنی نااہلی کا ملبہ ڈالا جاتا رہا، اب وزیراعظم اور ان کی ٹیم عالمی مہنگائی کی کہانیاں سنا رہی ہے۔