• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقام شکر ہے کہ کرکٹ کا کھیل ہم سب پاکستانی مسلمانوں کو ایک صف میں کھڑا کردیتا ہے۔ نہ مسلک کا کوئی معاملہ، ، نہ رنگ و نسل و علاقائیت کاسب دل سے پاکستانی بن جاتے ہیں۔ فرنگی نے عجب کھیل دیا ہے گیارہ کھلاڑی مل کر دو بندوں کے سامنے آ کر ان کو گرائونڈ سے نکالنے کا جتن کرتے ہیں۔ کرکٹ ایک کھیل تو ہے مگر یہ ایک کاروبار بھی ہے۔ بھارت میں مقامی طور پر سٹے بازی عام ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ میں بہت رسوخ ہے اور اس بنا پر اس نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز منسوخ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ خیر آج کل ٹی 20 کا میلہ متحدہ عرب امارات میں سجا ہوا ہے۔

ٹی ٹونٹی میں اہم میچ 25 اکتوبر کو شارجہ میں ہوا۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے جو کچھ کیا تھا اس سے پاکستان کے شائقین کرکٹ بہت مایوس تھے۔ مگرایک اچھی بات یہ تھی کہ پاکستان کی سرکار نے دنیا کو باور کرایا کہ یہ سب کچھ ہماری کرکٹ کے خلاف سازش ہے اور اس میں اہم کردار بھارتی کرکٹ بورڈ اور برطانوی کرکٹ بورڈ کا تھا اور منصوبہ بندی کے مطابق برطانوی ٹیم نے بھی اپنا دورہ منسوخ کیا تھا۔ جب پاکستان نے ان خطرات کے بارے میں تفصیل مانگی تو نیوزی لینڈ اور برطانیہ کے پاس کوئی جواب نہ تھا ایسے میں پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ کے رمیز راجہ کا کردار بہت اہم نظر آیا۔ انہوں نے مایوسی کا اظہار بھی نہیں کیا اور اپنی ٹیم کا مورال بھی بلند رکھا۔ پھر ٹیم وزیراعظم سے ملی اور وزیراعظم پاکستان نے ٹیم کو حوصلہ اور ہمت کا مشورہ دیا۔ اب پاکستان بھارت سے کرکٹ میں لڑنے کے لئے تیار ہو چکا تھا۔

25 اکتوبر کو شارجہ میں اسٹیڈیم پوری طرح پیک تھا ۔ اس وقت تک بھارتی ٹیم کی بڑی دھوم تھی اور دروغ برگردنِ راوی کہ برطانیہ میں مقیم اہم پاکستانی جو اب برطانوی شہری بھی ہیں انہوں نے خاصی بڑی رقم بھارت کی جیت پر لگائی تھی ۔ پاکستان نےٹاس جیت کر بھارت کو کھیلنے کی دعوت دی اور پھر وہی ہوا جس کی منصوبہ بندی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کی تھی اور پاکستان نے بھارت کو کسی بھی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں شکست دے دی۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی پر کھیل کے ساتھ ساتھ رواں تبصرہ بھی تھا ، تبصرہ کرنے والے لوگ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر حیران تو تھے ہی کہ ان کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ پاکستان کی ٹیم اتنے ریکارڈ بھی بنا دے گی۔ جب پہلے 20اوور ختم ہوئے تو بھارت 150 رنز بنا چکا تھا اور ٹی 20 کے تناظر میں یہ ایک معقول ہدف تھا اور ہر اوور میں کم از کم چھ سے سات رنز بنانے لازمی تھے۔ پاکستان نے خوب کھیلا اور ایسا کھیل دکھایا کہ دنیا حیران اور بھارت پریشان رہ گیا، پاکستان نے کوئی وکٹ دیئےبغیر ہدف حاصل کر لیا ۔ ہمارے دونوں کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان نے مل کر جو سماں باندھا اور جس طریقہ سے انہوں نے کھیل دکھایا وہ حیران کن اور کراماتی تھا۔ اپنے پرائے سب ہی پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سے حیران تھے۔ ہمارے وزیر داخلہ کرکٹ کا مقابلہ دیکھنے گئے مگر وزیر اعظم نے ان کو ایک اہم معاملہ کے لئے واپس بلا لیا۔ مگر ان کا کہنا تھا کہ میرا ٹی 20آج ہوگیا ہے۔

پاکستان کا دوسرا میچ نیوزی لینڈ سے تھا پہلے تو نیوزی لینڈ ایک دفعہ بھاگ چکی تھی مگراب کی بار ان کو بہت یقین تھا کہ وہ پاکستان کوٹف ٹائم دیں گے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے ان کو کھیلنے کا موقع دیا اور اچھا مقابلہ ہوا۔ پاکستان کی ٹیم نے کمال کی کارکردگی دکھائی اور نیوزی لینڈ کو ایک اور شکست سے دو چارکیا۔ پاکستان ٹی وی پر ٹی 20 کے حوالہ سے خصوصی پروگرام تھا اور جس کے میزبان سرکاری ٹی وی کے ایک ڈائریکٹر نعمان نیاز خود تھے کرکٹ کے پرانے دلدادہ ہیں، کھلاڑیوں کے خصوصی ڈاکٹر ہیں۔ ان کا ایک مکالمہ شعیب اختر سے ہوا جس سے پاکستان کے لوگ بہت ہی مایوس ہوئے۔ شکر ہے شعیب اختر نے ایک بڑے کھلاڑی ہونے کا ثبوت دیا مگر نعمان کے بارے میں ڈیجیٹل میڈیا پر جو ردعمل آیا ہے وہ سرکاری ٹی وی کو مسلسل شرمندہ کر رہا ہے۔ شعیب ایک بڑا کھلاڑی ہے اور اس نے اس کا ثبوت بھی دیا مگر نعمان نے ابھی تک بڑے پن کاثبوت نہیں دیا۔ ان میں اور شعیب میں ایک ہی فرق ہے وہ بات شعیب نے کچھ اس طرح بیان کی:

نکل گئی تو نہیں بات ہاتھ آنے کی

ابھی تو تیرے میرے درمیاں زمانہ ہے

تازہ ترین