دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں سری لنکا کے ہاتھوں 20 رنز سے شکست کھا کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
ابوظبی میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سری لنکن بیٹرز نے ویسٹ انڈیز کےنہ صرف اس فیصلے بلکہ اس کے اچھے رن ریٹ حاصل کرکے سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کی خواہش پر بھی ضرب لگائی۔
پہلے پاتھم نسانکا اور پھر اس کے بعد چرتھ اسالانکا نے ویسٹ انڈین بولرز کی درگت بنائی، دونوں نے بالترتیب 51 اور 68 رنز کی اننگز کھیلی۔
علاوہ ازیں وکٹ کیپر کوشل پریرا نے 29 اور کپتان دسن شناکا نے 25 رنز کا حصہ ڈال کر ٹیم کو 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 کے ٹوٹل تک پہنچادیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل نے 2 جبکہ ڈیوین براوو نے ایک وکٹ لی جبکہ دوسرا کوئی بولر خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کے بڑے ناموں کی وکٹیں خزاں رساں پتوں کی مانند گرتی رہیں۔
گرس گیل، آندرے رسل، کیرون پولارڈ، جیسن ہولڈر اور ڈیوین براوو کو سری لنکا کی نوجوان بولنگ لائن نے آؤٹ کلاس کردیا اور یہ بلے باز دہرے ہندسے میں بھی نہ پہنچ سکے۔
نوجوان بلے باز شیمرون ہٹمیئر کے ناقابلِ شکست 81 جبکہ نکولس پوران 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ونندو ہراسانگا، چمیکا کرونارتنے، بنورا فرنینڈو نے دو دو جبکہ دشمانتھا چمیرا اور دسن شناکا نے ایک ایک وکٹ لی۔
سری لنکا کے چرتھ اسالانکا کو بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ایونٹ میں ویسٹ انڈیز اپنا آخری میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی، جہاں اس کی جیت سے آسٹریلیا کے ایونٹ سے باہر ہونے کے خدشات ہیں۔