اسلام کوٹ / مٹھی (نامہ نگاران) وفاقی وزیر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میری سیاسی نگاہ سندھ میں تبدیلی دیکھ رہی ہے،عمران خان سندھ کے لوگوں کو غلامی کے طوق سے آزاد کرانا چاہتا ہےاور محروم طبقات کو انصاف دلائیں گے ، سندھ میں انسانی ضروریات کی اشد ضرورت ہے، وزیراعظم کہتے ہیں میں روز ایک نئے جہاد کیلئے نکلتا ہوں وہ جہاد پسماندگی، جہالت، غربت کے خلاف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقلیتی برادری کی جانب سے مٹھی میں منعقدہ دیوالی کے جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیاجس سے سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کراچی سے ریلی کی صورت میں مٹھی جلسہ گاہ پہنچے ان کے ہمراہ مخدوم زادہ زین حسین قریشی، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، اراکین اسمبلی لال مالہی، جئے پرکاش لوہانا، ایم پی اے ریاض حیدر، پی ٹی آئی رہنما حاجی نثار احمد آرائین، حاجی اصغر پلی، خانصاحب اکبر پلی، اور دیگر بھی ریلی میں شریک تھے۔ مٹھی کے معروف سماجی کارکن اکبر درس نے شاہ محمود قریشی کو صحرائے تھر کے مسائل کے حل کے متعلق چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تھرپارکر میں ہم آزادی سے ہندو برادری کے ساتھ دیوالی منارہے ہیں لیکن قریب ہی راجستھان میں مسلمان مظالم کا شکار ہیں کشمیر میں محرم، عید نمازوں پر پابندی ہے تمام ہندو برادری کو میں دیوالی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہندو کمیونٹی فیصلہ کرے کیا وہ نیا راستہ چننے کے لیے تیار ہے، میں 2013میں تھر کے لوگوں کو حوصلہ دینے کے لیے آیا میرے پولنگ اسٹیشنز کو جلادیا گیا لوگوں کی وفاداریاں تبدیل کرکے مجھے شکست دی گئی۔