• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں، بھارت اور افغانستان ورلڈکپ سے آؤٹ


نیوزی لینڈ نے افغانستان کو ہرا کر بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 سے باہر کردیا، اپنی جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ 

ابوظبی میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان کی جیت کی صورت میں ہی بھارت سیمی فائنل میں پہنچ سکتا تھا۔ 

تاہم افغانستان کی جانب سے دیے گئے 125 رنز کے ہدف کو حاصل کرکے نیوزی لینڈ نے نہ صرف خود سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا بلکہ افغانستان اور بھارت کی ٹورنامنٹ سے چھٹی کروادی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے بولرز نے افغانستان کے ٹاپ آرڈر کو دبوچ لیا جہاں حضرت اللہ زازئی 2، محمد شہزاد 4، رحمان اللہ گرباز 6 اور گلبدین نائب 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ایسے میں نجیب اللہ زادران 73 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 100 رنز عبور کروانے میں مدد کی، جبکہ محمد نبی کے 14 رنز کے ساتھ افغانستان ٹیم 124 رنز بناسکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 17 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں جبکہ ٹم ساؤتھی نے 2 اور ایڈم ملن، جمی نیشم، ایش سوڈھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھی نیوزی لینڈ کے بیٹسمین مجیب الرحمان اور راشد خان جیسے ورلڈ کلاس بولرز رکھنے والی بولنگ لائن کے زیر عتاب نہیں آسکے اور دونوں بولرز ایک ایک وکٹ لے سکے۔

پہلے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے بالترتیب 28 اور 17 رنز بنائے جبکہ اس کے بعد کین ولیمسن اور ڈیون کونوے نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت دلا کر سیمی فائنل میں پہنچا دیا، دونوں نے بالترتیب 40 اور 36 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کو بہترین گیندبازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تازہ ترین