پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میچز میں سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے، بابر اعظم نے 2021 میں 19 نصف سنچریاں اسکور کیں، جو کرکٹ کلینڈر کے سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ہے۔
قومی ٹیم کے قائد بابر اعظم نے یہ اعزاز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2021 کے میچ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے نام کیا ہے، انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 63رنز کی اننگز کھیلی۔
بابر اعظم کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا نمبر ہے جنہوں نے سال 2016 میں 18 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔
ویسٹ انڈیز کے کرس گیل تیسرے نمبر پر آتے ہیں جنہوں نے سال 2012 میں 16 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔
چوتھے نمبر پر محمد رضوان کا نمبر آتا ہے جو رواں سال 15 نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد رضوان ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے پلیئر بھی بن گئے ہیں۔
ان سے قبل کرس گیل نے 2015 میں مجموعی طور پر 1665 ٹی ٹوئنٹی رنز بنائے تھے۔
سال 2019 میں بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی میچز میں اپنی شاندار بیٹنگ کی بدولت 15 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔