وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل مہنگائی پر نئی منطق لے آئے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران شہباز گل نے کہا کہ مہنگائی اکیلے پاکستان میں نہیں ساری دنیا میں ہے، پوری دنیا میں اِس وقت کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اخباروں میں بڑی بڑی ہیڈ لائن لگادی گئیں کہ بجلی کی قیمتیں بڑھادی گئیں، ایسا لگا جیسے کوئی جرم ہوگيا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے امریکی جریدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں مہنگائی کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جرمنی میں کوئلہ مہنگا ہونے کے سبب پاور پلانٹ بند کردیے گئے ہیں جبکہ بھارت میں پاور پلانٹ کو کوئلہ بچانے کے لیے بند کیا جارہا ہے۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی کی شدید لہر چل رہی ہے، حکومت مخالف مارچ کا اعلان کرنے کے لیے ملک میں سازش کے تحت چینی کا بحران پیدا کیا گیا، مسلم لیگ ن کی طرح ڈالر اڑا کر معاشی غداری نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں اکتوبر کے مہینے میں شوگر ملز نے چلنا ہوتا ہے لیکن بمپر فصل کے باوجود شوگر ملیں بروقت نہ چلا کر سندھ حکومت نے ملک اور سندھ دشمنی کا ثبوت دیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ساری گالم گلوچ حکومت کو ہوتی ہے، شوگر ملز کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، شوگر ملز مالکان مہنگے وکیل کرکے عدالتوں سے حکم امتناعی لے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے کم ازکم حیا کریں اپنی ملوں سے عوام کو کم قیمت پر چینی دیں۔
شہباز گل نے شوگر ملوں کے معاملے پر عدلیہ سے بھی درخواست کی کہ ان کے کیسز کو جلد اور کھلی سماعت کے ذریعے سنا جائے۔