کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) ستمبر میں انگلش کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا، اس کے بعد دونوں بورڈز کے درمیان ہونے والے کشیدگی کم اور تعلقات استوار کرنے کیلئے انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن منگل کی صبح لاہور پہنچ رہے ہیں۔ وہ پی سی بی ہیڈکوارٹر میں چیئرمین رمیز راجا سے ملاقات کریں گے۔ چند گھنٹے قیام کے بعد آئی سی سی ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ کیلئے دبئی روانہ ہوجائیں گے ۔ یہ دورہ رمیز راجا کی بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے ۔ انگلینڈ نے اکتوبر میں لاہور آکر دو ٹی20 انٹرنیشنل کھیلنے تھے تاہم اچانک انگلش بورڈ نے دورہ منسوخ کردیا۔ پی سی بی چیف نے سخت موقف اختیار کیا تھا۔ کئی سابق انگلش کرکٹرزنے بھی اس موقف کی حمایت کی جس کے بعد سات اکتوبر کو انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ای ین واٹ مور کو استعفی دینا پڑا تھا۔ انگلینڈ نے آئندہ سال پاکستان کا فل ٹور کرنا ہے، ستمبر اکتوبر میں آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انگلش ٹیم پاکستان میں وائٹ بال سیریزاور ورلڈکپ کے بعد تین ٹیسٹ کی سیریزہوگی۔ ذرائع کے مطابق ٹام ہیرسن مختصر دورے میں2024سے2027کے فیوچر ٹور پروگرام پر بھی بات چیت کریں گے۔ امکان ہے کہ منسوخ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے بھی ٹائم فریم طے کیا جائے۔