• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کو ٹرائیکا پلس اجلاس میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد (ماریانا بابر) پاکستان نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کو اسلام آباد میں شیڈول ٹرائیکا پلس اجلاس میں شرکت کی خصوصی دعوت دے دی ہے۔ اجلاس 11نومبر کو ہوگا۔ ایک عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ پاکستان، روس، چین اور امریکا سے افغانستان کے خصوصی نمائندگان جمعرات کو اجلاس میں شریک ہوں گے، جس میں امیر خان متقی کی شرکت کا بھی امکان ہے۔ اس حوالے سے اب تک کابل کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ تاہم، اسلام آباد اور کابل کے درمیان اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے آج امید ہے کہ یہ فیصلہ ہوجائے گا کہ امیر خان متقی پاکستان آئیں گے یا نہیں۔ پاکستان نے اب تک باضابطہ طور پر قائم مقام افغان حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے البتہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دورہ کابل کے بعد میڈیا کو بتایا تھا کہ انہوں نے امیر خان متقی کو باضابطہ دعوت دی تھی اور انہوں نے دعوت قبول کرلی تھی۔ افغانستان میں دی ٹرائیکا پلس میں سفیر محمد صادق ، پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ اور ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے افغانستان، روس کے خصوصی سفیر برائے افغانستان ضمیر کابولو اور چین کے خصوصی سفیر برائے افغانستان یوئی شیائویونگ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ان کے علاوہ وزارت خارجہ کے چند دیگر سینئر عہدیدار بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جب کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اجلاس کے بعد ماضی کی طرح مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔ اس سے قبل ٹرائیکا پلس کے سفرا ستمبر میں بھی کابل میں ملاقات کرچکے ہیں۔ جب افغانستان میں سابق چیئرمین ہائی کونسل برائے قومی مصالحت عبداللہ عبداللہ نے ٹوئٹ کرکے کہا تھا کہ مشترکہ حکومت کے قیام پر زور دیا گیا ہے جو سب کو قبول ہو۔ جس میں امن، استحکام ، میانہ پالیسی ، خواتین کے حقوق اور تمام افغان شہریوں کو مساوی تعلیم کے حقوق اور خطے میں تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا تھا۔ تاہم، اس ضمن میں اب تک وزارت خارجہ نے کوئی علامیہ جاری نہیں کیا ہے، جب کہ ترجمان وزارت خارجہ امور نے دی نیوز کو جواب دینے سے گریز کیا۔

تازہ ترین