• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: پاکستانی نژاد نوجوان مسجد کے باہر چاقو حملے میں جاں بحق

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

برطانیہ میں چاقو بردار شخص نے مسجد کے باہر 3 نوجوانوں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی نژاد نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

یہ واقعہ برمنگھم کے نواحی علاقے اسمتھیک (Smethwick) میں واقع اولڈ بری جامع مسجد چشمہ رحمت کے باہر جمعے کی شام اس وقت پیش آیا جب نمازی تراویح کی ادائیگی میں مصروف تھے۔

جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 18 سالہ ذیشان افضل کے نام سے ہوئی ہے، جو اسمتھیک کا رہائشی تھا۔

اس واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر 2 نوجوان، جن کی عمریں 19 اور 22 سال بتائی گئی ہیں، مقامی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

رمضان المبارک کے دوران پیش آنے والے اس افسوس ناک واقعے سے مقامی کمیونٹی شدید صدمے اور رنج و غم میں مبتلا ہے۔

نمازیوں کے مطابق جب وہ تراویح کی نماز ادا کر کے باہر نکلے تو پولیس اور طبی عملے کی بھاری نفری دیکھ کر حیران رہ گئے۔

واقعہ چونکہ مسجد کی کار پارکنگ میں پیش آیا تھا، اس لیے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

پولیس نے نمازیوں کو تقریباً 40 منٹ تک مسجد کے اندر ہی رہنے کی ہدایت کی اور بعد ازاں انہیں اپنی گاڑیاں کار پارکنک سے نکالنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی کیونکہ مقام کو جائے وقوع قرار دے دیا گیا تھا۔

ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جرم کے محرکات اور ملوث افراد کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال اس واقعے کو نسلی یا مذہبی بنیاد پر حملہ قرار نہیں دیا جا رہا اور تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان ویسٹ مڈ لینڈ پولیس کے مطابق ہم سمجھتے ہیں کہ اس واقعے سے کمیونٹی میں تشویش اور اضطراب پیدا ہوا ہے، اور ہم علاقے میں پولیس کی نمایاں موجودگی برقرار رکھیں گے تاکہ شہریوں کو اعتماد اور تحفظ کا احساس دلایا جا سکے۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید