پاکستانی شائقینِ کرکٹ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی تعریف کرنے پر بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کی ٹرولنگ شروع کردی۔
پاکستان ٹی ٹوئٹنٹی ورلڈ کپ کی وہ واحد ٹیم ہے جو گروپ میچز میں ناقابلِ شکست رہی اور جو سب سے پہلے سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی، ٹیم کی شاندار پرفارمنس پر پاکستانی شائقین کرکٹ کی خوشیاں عروج پر ہیں۔
ایسے میں بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کیا جس میں اُنہوں نے خوب بڑھ چڑھ کر اپنی ٹیم کے لیے تعریفوں کے پُل باندھ دیے تھے۔
امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے نتائج سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کی حالیہ پرفارمنس پر نظر ڈالیں۔‘
بالی ووڈ اداکار نے کہا تھا کہ ’بھارتی کرکٹ ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک کا سب سے زیادہ اسکور کیا ہے، کے ایل راہول نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تیز ترین 50 رنز بنائے اور ہم نے مخالف ٹیم کو ریکارڈ 6 سے زائد اوورز میں شکست دی۔‘
امیتابھ بچن کے اس ٹوئٹ کے بعد اتوار کو شعیب ملک نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف صرف 18 گیندوں پر 54 رنز اسکور کرکے اداکار کی خوش فہمی بہترین طریقے سے دور کی اور ساتھ ہی پاکستانی شائقین کو بھی امیتابھ کی ٹرولنگ کرنے کا موقع مل گیا۔
ایک صارف نے امیتابھ کے ٹوئٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یاد رکھیں کہ بھارت وہ واحد ٹیم ہے جسے 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست ہوئی اور ہاں شعیب ملک کی تیز ترین 50 بھی یاد رکھیے گا۔‘
صائمہ نامی صارف نے امیتابھ سے پوچھا کہ ’اب تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ کس کے پاس ہے؟ شعیب ملک کا نام یاد رکھیں۔‘
اقصیٰ نامی صارف نے شعیب ملک کو بھارتیوں کو داماد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’داماد کے ہوتے ہوئے ایسے شیخیاں نہیں مارتے۔‘
ایک صارف نے انیل کپول کی ایک میم شیئر کی جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ ’بولنے دے، تکلیف ہوئی ہے بیچارے کو۔‘
واضح رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے دوچار ہوئی بھارتی ٹیم نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021ء میں اپنے آخری گروپ میچ میں نمیبیا کو 9 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ کا اختتام جیت پر کر دیا۔
بھارتی ٹیم پہلے ہی ایونٹ سے آؤٹ ہوچکی تھی اور گزشتہ روز اپنا آخری گروپ میچ کھیلنے کے بعد وطن روانہ ہوجائے گی۔