مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے ایک نہیں دو استعفے آنے چاہئیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں ن لیگی ترجمان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ایک اور پرائیویٹ ممبر بل پرحکومت کو شکست ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب عمران خان کے ایک نہیں دو استعفے آنے چاہئیں، دو استعفوں سے مہنگائی میں پسے عوام کی جان چھوٹ سکتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ آج حکومت کو تیاری کے باوجود قومی اسمبلی میں شکست ہوئی، وزیر اعظم نےاجلاس بلایا پھر بھی 104ووٹ ملے، اپوزیشن کو117ووٹ ملے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مشترکہ اجلاس کی تیاری مکمل ہے، نیب آرڈیننس اور ووٹنگ مشین قانون سازی رکوائیں گے۔
ن لیگی ترجمان نے کہا کہ نیب آرڈیننس آٹا، چینی چوروں کو این آر او دینے کے لیے لایا گیا ہےجبکہ ووٹنگ مشین کالا قانون ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو معلوم ہے ٹکٹ کے لیے بھی لوگ نہیں ملیں گے، وزیراعظم اجلاس بلائیں، روئیں یاچیخیں ان کے جانے کا وقت ہوچکا۔