• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں گیس کے ذخائر ختم ہورہے ہیں، فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے انکشاف کیا ہے کہ گیس کے ذخائر سالانہ 9 فیصد ختم ہورہےہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہا کہ توانائی کی وزارت پہلے ہی مشکل میں ہے کیوں کہ گیس کے ذخائر سالانہ 9 فیصد کے حساب سے ختم ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں گیس کا بحران آیا ہوا ہے، برطانیہ جیسے ملک میں گیس کی قیمت میں 500 فیصد اضافہ ہوا ہے، ہمارے گیس کے ذخائر بھی کم ہورہے ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مارچ کے بعد گیس کا کرائسز ختم ہوجائے گا، کیپٹیو پاور سے گیس کے لیے رعایت 31 مارچ 2022 تک واپس لی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف دسمبر کیا اسی مہینے واپس آئیں، پی ڈی ایم جتھہ ہر سال ہی آتا ہے، اس کی سردیوں کی سرگرمی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان سے مذاکرات آئین کے مطابق اور اسے ماننے کے بعد ہی ہورہےہیں، آئین و قانون کے احترام کی شرط پر مذاکرات کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اور لڑائی امن کے حصول اور بحالی کے لیے لڑی گئی، مذاکرات کے ذریعے اب مسائل کو مستقل طور پر ختم کرنا ہو گا۔

فواد چودھری نے کہا کہ افغانستان کا نیا سیٹ اپ بھی پاکستان میں امن کا خواہش مند ہے، امن بحالی کیلیے افغان حکومت اور مقامی شہریوں کی خواہشات پر بات کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ والد، دادا یا بڑے بھائیوں کی جنگ کے بعد اب پوری نسل ہی بدل چکی ہے، قبائلی علاقوں کے شہریوں کی بھی خواہش ہے کہ امن لایا جائے۔ جو مقامی لوگ جنگ سے متاثر ہوئے ہیں ان کو بھی حصہ دار بنایا جائے گا۔

تازہ ترین