کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان ٹم پین کا کہنا ہے کہ انہیں سیکیورٹی تحفظات دور ہونے پر پاکستان کا دورہ کرکے خوشی ہوگی۔ تاہم دورے کے حوالے سے کچھ کہنا ابھی قبل ازوقت ہوگا۔ سیکیورٹی کے حوالے سے کھلاڑیوں کو تحفظات ہیں جن کو دور کرنا ہوگا۔ ہوسکتا ہے کہ بعض کھلاڑی سیکیورٹی ماہرین کی رائے سے بھی بڑھ کر مزید جاننا چاہیں، اگر دیانتداری سے کہا جائے تو ہوسکتا ہےکہ چند کھلاڑی دورے پر جانے سے گھبرائیں۔ منگل کو ایک بیان میں 2017 میں ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان میں کھیلنے والے ٹم پین نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں جو سیکیورٹی ملی وہ زندگی میں نہیں دیکھی۔ فضا میں ہیلی کاپٹرز، پانچ کلومیٹرز تک سڑکیں بند، چیک پوائنٹس سخت سکیورٹی حصار سب کچھ غیر معمولی تھا، اگلے برس پاکستان میں جاکر کھیلنے کے حوالے سے ہر کھلاڑی کو ذاتی طور پر فیصلہ کرنا ہے۔ اگر ہم پاکستان جاکر کھیلتے ہیں یہ بہت اچھی بات ہوگی۔کسی بھی ملک سے دورے سے قبل تمام معاملات پر بات ہوتی ہے اور جب درست جواب ملتے ہیں تو آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔ پاکستان جاتے ہیں تو یہ بہت اچھی بات ہو گی کیونکہ ہم کھیل کی ترقی کا حصہ اور پاکستان جیسے ملک میں کھیلنا چاہتے ہیں البتہ ابھی ہم نے ایشز سیریزکھیلنی ہے، پھر دیکھیں گے کہ کیا معاملات ہوتے ہیں۔