لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان علماءکونسل نے تحریک طالبان پاکستان اور حکومت پاکستان کے درمیان مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین و دستور کی روشنی میں مذاکرات کی مکمل تائید کرینگے ، مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہوتا ہے تشدد سے نہیں۔ ملکی سلامتی کے اداروں اور شہداءکے ورثاء کے اعتماد سے کیے گئے مذاکرات کی تائید کی جا سکتی ہے،یقین ہے حکومت سیاسی و مذہبی قیادت، افواج و سلامتی اداروں کو بھی اعتماد میں لے گی، ۔ چیئرمین پاکستان علماءکونسل و نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کی تائید و حمایت کرتے ہوئے یہ یقین رکھتے ہیں کہ حکومت اس حوالے سے سیاسی اور مذہبی قائدین ، غازیوں اور شہداءکے ورثا ، افواج پاکستان اور سلامتی کے اداروں کی قیادت کو بھی اعتماد میں لے گی۔