پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، کورونا وائرس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آنے لگی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 33 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 554 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 8 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 443 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 20 فیصد پر آ گئی۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 566 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 78 ہزار 114 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 22 ہزار 958 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 167 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 26 ہزار 590 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 46 ہزار 128 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 12 لاکھ 31 ہزار 524 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 لاکھ 3 ہزار 72 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 11 کروڑ 48 لاکھ 91 ہزار 170 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 4 کروڑ 59 لاکھ 86 ہزار 932 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 72 ہزار 519 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 599 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 41 ہزار 378 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 12 ہزار 957 ہو چکی ہیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 78 ہزار 773 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 778 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 7 ہزار 198 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 947 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 34 ہزار 495 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 741 مریض وفات پا چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 33 ہزار 356 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 358 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 395 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 186 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔