• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی عہدہ کیلئے تاحیات نااہلیت غیر قانونی ہے،صدر سپریم کورٹ بار

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر احسن بھون نے کہا ہے کہ عوامی عہدہ کے لئے تاحیات نااہلیت غیر قانونی ہے اس ضمن میں تشریح کے لیے سپریم کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کی جائے گی۔بدھ کے روز سپریم کورٹ میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ تاحیات نا اہلی کے فیصلوں پر آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کی جائے،آرٹیکل 62ون ایف کی تشریح کے لیے آئینی درخواست دائر کریں گے۔ اللہ کے پاس بھی توبہ کا دروازہ ہے،خدائی اختیار تو کسی انسان کے پاس نہیں ہے، پارلیمنٹ سپریم ہے اس پر سوال نہیں اٹھانا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ سیاسی لوگوں کو اپنے ووٹرز پر اعتماد کرنا چاہیے پھر نظام بھی تبدیل کر سکیں گے۔ پارلیمنٹ نے ترمیم کے ذریعے ہر آنے والے آرمی چیف کیلئے دروازہ کھول دیا ہے،فوج بھی ہمارا ادارہ ہے۔ انھوں نے کہا پوری عمر کی نااہلیت قانون کے بر خلاف ہے،انہوں نے بتایا کہ منتخب باڈی کی چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات ہوئی ہے ،جس میں مقدمات کے وقت پر مقرر نہ ہونے کا ایشو اٹھایا گیا ہے۔چیف جسٹس سے فل کورٹ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے ،انہوںنے لیگل ایشوز پر دوبارہ بیٹھنے کا کہا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ عدلیہ میں ماضی میں ہونے والی بعض تقرریاں انصاف کے اصولوں کے مطابق نہیں تھیں ،ججز تقرریوں سے متعلق میرٹ کی بنیاد پر طریقہ کار طے ہونا چاہیے ،اچھے جج ملیں گے تو ہی حصول انصاف ممکن ہوگا۔

تازہ ترین