نیوزی لینڈ کے بیٹسمین ڈیون کونوے دائیں ہاتھ کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل اور بھارت کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے۔
کونوے کو چوٹ اس وقت لگی جب انہوں نے ابوظہبی میں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں آؤٹ ہونے کے فوراً بعد اپنے بلے پر مکا مارا تھا۔
جمعرات کو ایکسرے میں ان کے دائیں ہاتھ کی پانچویں میٹا کارپل میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے۔
کوچ گیری سٹیڈ نے کہا ہے کہ کونوے کے لیے یہ خبر بڑا دھچکا تھی اور وہ ایسے وقت میں اس طرح ٹیم سے باہر ہونے پر شدید مایوس ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ڈیون کونوے بلیک کیپس کی نمائندگی پر بہت پرجوش ہیں اور اس وقت ان سے زیادہ مایوس کوئی نہیں ہے ۔
کیوی کوچ کا مزید کہنا تھا کہ یہ میدان پر ایک بہت ہی معصوم سا ردعمل تھا، یقیناً انجری میں بدقسمتی کا عنصر موجود ہے، اس انجری کی وجہ سے ڈیون کونوے ورلڈکپ کے بعد بھارت کے خلاف ٹی 20 سیریز سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔
گیری سٹیڈ کا کہنا ہے کہ ٹائم لائنز کی وجہ سے وہ اس ورلڈ کپ یا بھارت کے خلاف اگلے ہفتے ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے متبادل کھلاڑی نہیں لائیں گے لیکن اس ماہ کے آخر میں ٹیسٹ سیریز میں وہ اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔