• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم کیسے جانتے ہیں کہ زمین کی عمر کتنی ہے؟

ہمارے ذہنوں میں اکثر یہ سوال آتا ہے کہ زمین کی عمر کتنی ہے اور سائنس دان یہ کیسے معلوم کرتے ہیں کہ زمین کی عمر کتنی ہے؟

سائنسدانوں کے مطابق دنیا دراصل ایک بڑی گھڑی کی طرح ہے اور ہمیں صرف یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اس گھڑی کو کیسے پڑھنا ہے۔ زمین کی عمر کا اندازہ کرنے کے لیے ہمیں سوچنا ہوگا کہ دنیا کس چیز سے بنی ہے۔

دنیا، اور اس میں موجود ہر چیز درحقیقت ایک بہت چھوٹی چیز سے بنی ہے جسے "عنصر(ایلیمنٹ)" کہتے ہیں۔ یہ ہر چیز کے چھوٹے چھوٹے بلڈنگ بلاکس ہیں۔ آپ نے کچھ عناصر کے نام پہلے بھی سنے ہوں گے مثلاً سونا بھی ایک عنصر ہے، اور چاندی بھی۔

کرپٹن اور سیلینیم اور پلوٹونیم جیسے عجیب ناموں کے ساتھ بہت سارے دوسرے عناصر بھی یہاں موجود ہیں۔ ہمارے اب تک کے علم کے مطابق زمین پر تقریباً 118 مختلف عناصر ہیں۔

ان میں سے زیادہ تر عناصر تبدیل نہیں ہوتے ہیں اور ہمیشہ کے لیے اپنی اصلی حالت میں برقرار رہتے ہیں ۔ سائنسدان ان عناصر کو "مستحکم" عناصر (یعنی اسٹیبل ایلیمنٹس )کہتے ہیں۔

لیکن ایک دوسری قسم کا عنصر بھی ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ حقیقت میں کسی اور چیز میں تبدیل ہوتا ہے۔ یہ اتنے عام نہیں ہیں، لیکن وہ ہر چیز میں ہیں۔ انہیں "غیر مستحکم" یا "تابکار" عناصر کہا جاتا ہے۔

تصور کریں کہ آپ کا کچھ حصہ درحقیقت کسی اور چیز میں تبدیل ہو رہا ہے! لیکن پریشان نہ ہوں، ان میں سے زیادہ تر تبدیلیاں بہت طویل عرصے میں ہوتی ہیں۔ کچھ کوتو واقعی کوئی بھی سنجیدہ تبدیلی کرنے میں اربوں سال لگتے ہیں۔

مثال کے طور پر آپ کے دانتوں میں پوٹاشیم نامی عنصر ہوتا ہے جو ان بدلتے ہوئے عناصر میں سے ایک ہے۔ آپ کے ٹی وی، کمپیوٹر، آپ کے باغ کی مٹی سمیت تقریباً ہر چیز میں ان میں سے کچھ بدلتے ہوئے عناصر ہیں۔ تبدیلی کےاس عمل کو "تابکار ی زوال" کہا جاتا ہے۔

اسی طرح چٹانوں میں بھی یہ غیر مستحکم عناصر ہوتے ہیں اور سائنسدانوں نے اس بات کا اندازہ لگایا ہے کہ ان عناصر میں سے ایک کو دوسرے میں تبدیل ہونے میں کتنا وقت لگتا ہے۔

مثال کے طور پر، اگر ہمارے پاس کوئی ایسی چیز ہے جس میں 14C نامی ایک غیر مستحکم عنصر موجود ہے (آسان الفاظ میں "کاربن 14" )، تو ہم یہ جانتے ہیں کہ ہمارے سیمپل میں موجود تمام 14C میں سے آدھے کو دوسرے عنصر 14N (جسے "نائٹروجن 14" کہا جاتا ہے)میں تبدیل ہونے میں تقریباً 5,730 سال لگتے ہیں۔

یہ جاننا کہ یہ عناصر کتنی تیزی سے ایک چیز سے دوسری چیز میں تبدیل ہوتے ہیں ہمیں اس بارے میں بہت بڑا اشارہ دیتے ہیں کہ زمین کی عمر کتنی ہے۔

زمین کی عمر کی پیمائش کیسے کریں؟

سائنسدان پہلے یہ پیمائش کرتے ہیں کہ زمین کی چٹانوں میں کتنے غیر مستحکم عناصر باقی ہیں (یہ وہ عناصر ہیں جو ابھی تک دوسرے عنصر میں تبدیل نہیں ہوئے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ بدل جائیں گے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ وہ غیر مستحکم ہیں)۔

اس کے بعد سائنسدان اس عنصر کی مقدار کی پیمائش کرتے ہیں جس میں وہ تبدیل ہوتے ہیں۔

ایک بار جب سائنسدان یہ جان لیں، اور ساتھ یہ بھی جان لیں کہ اس تبدیلی میں کتنا وقت لگتا ہے، تو وہ یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ دنیا کتنی پرانی ہے۔

تو زمین کی عمر کتنی ہے؟

سائنسدانوں نے یہ حساب لگایا ہے کہ دنیا کی عمر تقریباً 4,600,000,000 سال یعنی 4.6 ارب سال ہے۔

تازہ ترین