• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز میں خواتین کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کا شیڈول جاری

برمنگھم (عمران منور) اگلے برس بر منگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں خواتین کے ٹی ٹونٹی کرکٹ مقابلوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔پاکستان سمیت آٹھ ممالک کی خواتین کرکٹ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ خواتین کرکٹ ٹیمز کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ کامن ویلتھ گیمز میں کرکٹ مقابلوں کو دوسری مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔ ا س سے قبل 1998 میں کوالالمپور میں موقع ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں کرکٹ کے کھیل کو شامل کیا گیا تھا جس میں مردوں کی کرکٹ ٹیمزنے حصہ لیا تھا۔ پاکستان ٹیم گروپ اے میں شامل ہے جبکہ بھارت، آسٹریلیا اور بارباڈوس کی کرکٹ ٹیمیں بھی گروپ اے میں شامل ہیں۔ گروپ بی میں میزبان انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ گروپ بی کی آخری ٹیم کا فیصلہ اگلے برس جنوری میں ہونے والے کوالی فائر گروپ مقابلوں کے نتائج کے بعدکیا جائے گا۔ کرکٹ کے تمام مقابلے ایجباسٹن سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے افتتاحی میچ بھارت اور آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان 29 جولائی کو ہوگا جبکہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 29 جولائی کو ہی بارباڈوس کے خلاف کھیلے گی۔ روایتی حریف بھارت ا ور پاکستان 31 جولائی کو مد مقابل ہوں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کا مقابلہ 3 اگست کو ہوگا۔ دونوں گروپوں سے ٹاپ کی دو ٹیموں کے درمیان6 اگست کو سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے جبکہ 7 اگست کو سیمی فائنل جیتنے والی دو ٹیموں کے درمیان سونے اور چاندی کے میڈل کے لئے فائنل کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنلز کی رنراپ ٹیموں کے درمیان کانسی کے تمغوں کے لئے میچ کھیلا جائے گا۔ اس موقع پر آ ئی سی سی چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں میں خواتین کی کرکٹ میں تیزی سے اضافہ ہواہے، بلاشبہ کامن ویلتھ گیمز اس سفر میں ایک اور بڑا سنگ میل ثابت ہو ں گے۔ امید ہے کہ ایجباسٹن کرکٹ سٹیڈیم ان مقابلوں کے لئے ایک زبردست اسٹیج ثابت ہو گا۔ آئی سی سی اور اس کے رکن ممالک کے جانب سے کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے بھر پور تعاون کے شکرگزار ہیں۔ ڈائریکٹر سپورٹس برمنگھم 2022 میٹ کڈسن کا کہنا تھا کہ اب تک کرکٹ میچز کے ہزاروں ٹکٹ پہلے ہی بک چکے ہیں جو ہرگز حیران کن نہیں ہمیں علم تھا کہ فینز مقابلوں کے شیڈول کا بھی انتظار کرکے تھے تاکہ اپنی پسندیدہ ٹیم کے مقابلوں کے میچ خرید سکیں۔ امیدہے کہ اب بقیہ ٹکٹ بھی جلد ہی فروخت ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز اگلے برس برمنگھم سمیت ویسٹ مڈلینڈز ریجن کے دیگر علاقوں میں 28 جولائی سے 8 اگست تک منعقد ہوں گے۔
تازہ ترین