پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ جو حکمراں قوم کی رسوائی کا سبب بنتے ہیں انہیں حکمرانی کا کوئی حق نہیں، ناجائرحکومت کو بحیرہ عرب میں غرق نہ کیا تو پاکستان کی بقا کا سوال ہوگا۔
مہنگائی پر حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کا کراچی کے ریگل چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاسی قیادت نےکردار ادا نہ کیا تو عوام مایوس ہوجائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لوگوں نے اپنے بچوں پر برائے فروخت کے بورڈ لگا رکھے ہیں، لوگوں سے اپنے بچوں کی بھوک دیکھی نہیں جاتی، ماں باپ نے اپنے بچوں کو زہر دے کر خودکشی کی۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ کہا تھا یہ حکومت چوری کے ووٹوں سے آئی ہے، کہا تھا یہ حکومت نااہل ہے، نا لائق ہے، اقتصادی بحران جہاں آئے وہاں انقلاب جنم لیتا ہے، معیشت مستحکم ہوتی ہے تو قومیں مضبوط ہوتی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں مزدور ، دکاندار اور پروفشنلز مایوس ہے، اس بحران میں ہمیں قوم کا ساتھ دینا ہے، پاکستان دنیا میں تنہائی کا شکار ہورہا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہوا میں اڑ کر آنے والے تخیلات کی دنیا میں رہتے ہیں،17 نومبر کو کوئٹہ، 20 نومبر کو پشاور میں جلسہ ہوگا، ان جلسوں کے بعد ہم اسلام آباد کی طرف جائیں گے۔