• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتحادیوں نے مطالبات کیلئے کچھ تو کرنا ہوتا ہے، وزیرداخلہ، ہم تعلق نبھارہے ہیں، حکومت ساتھ نہیں دے رہی، پرویز الٰہی، ورکنگ ریلیشن بہتر بنائیں گے، وزیراعلیٰ بزدار


کراچی،اسلام آباد، لاہور(ٹی وی رپورٹ،جنگ نیوز، خبرایجنسیاں) اسپیکر پنجاب اسمبلی و رہنما ق لیگ چوہدری پرویزالٰہی نے کہاہےکہ 3 سال سے ہم تعلق نبھا رہے ہیں لیکن حکومت ساتھ نہیں دے رہی۔

پنجاب انتظامیہ ہمارے کارکنوں کیساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے، کامل آغا نے کہاکہ کیا حکمران بھول گئے مشکل ترین سینیٹ الیکشن میں ہم نے کامیابی دلوائی ، متفقہ فیصلے کیلئے پارلیمانی پارٹی اجلاس آج شام طلب کرلیاگیا ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاکہ اتحادیوں نے مطالبات کیلئے کچھ تو کرنا ہوتا ہے،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کا الیکشن ریفارمز پر اعتراض داخلی سیاسی اختلافات کا نتیجہ ،بل کامسودہ فروغ نسیم نے ڈرافٹ کیا۔

امین الحق ای وی ایم کے تکنیکی امور دیکھ رہے،کابینہ سے بل کی منظوری میں ق لیگ کے 2 وزراء بھی شریک تھے،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےکہاکہ ق لیگ اہم اتحادی،ورکنگ رلیشن بہتر بنائیںگے، تحفظات دور کرینگے،ہم نے اتحادیوں اور منتخب ارکان کی رائے کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ 

گزشتہ روز مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم گزشتہ3سال سے وفاق کا ساتھ نبھا رہے ہیں ، مگر وفاق ہمارا ساتھ نہیں نبھا رہا، پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ق کے رہنما کامل علی آغا نے کہا کہ وفاق کو سینیٹ کے مشکل ترین الیکشن میں ہم نے کامیابی کے ساتھ نکالا ، کیا یہ حکمران بھول گئے ہیں کہ ان کا کوئی بندہ ووٹ مانگنے کے لئے نہیں آیا ، ہم نے انہیں بغیر ووٹ مانگے کامیابی دلائی ، حکومت کو یاد دلانے کے لئے سینیٹ کا الیکشن ہی کافی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کی سربراہی میں آج شام طلب کر لیا گیا۔ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد متفقہ فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ 

دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہاہےکہ اتحادی کہیں نہیں جارہے، جب بھی کوئی ایشو آتا ہے لوگ مطالبے منوانے کی بات کرتے ہیں، مطالبے منوانے کے لئے کچھ نہ کچھ کرنا ہوتا ہے، ملکی معیشت بڑے امتحان سے گزر رہی ہے، اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ پوری دنیا میں ہوا ہے،کابینہ میں عمران خان میری بات سنتے ہیں۔

عمران خان میڈیا کو خود دیکھتے ہیں، پوری حکومت کو معلوم ہے کہ ہمارا ایک ہی مسئلہ ہے وہ صرف مہنگائی ہے اور اس کو ختم کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ کوشش ہے اسی ماہ ایک ہزار پولیس اہلکار بھرتی کریں، 1122 کیلئے پنجاب کیساتھ ایم او یو کر رہے ہیں۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق حکومت کی اہم اتحادی ہے، ہمیشہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر چلنے کی پالیسی اختیار کی ہے،ایک بیان میںعثمان بزدار نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر بنائیں گے، کوئی تحفظات ہوئے تو انہیں دور کریں گے، حکومت نے اتحادیوں اور منتخب ارکان کی رائے کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اتحادی جماعتوں کا الیکشن ریفارمز پر اعتراض انکےداخلی سیاسی اختلافات کا نتیجہ ہے۔

انتخابی اصلاحات کے بل کا مسودہ اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے وزیر قانون فروغ نسیم نے ہی ڈرافٹ کیا اور اسی جماعت کے دوسرے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، امین الحق ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تکنیکی امور دیکھ رہے ہیں۔

اسی طرح مسلم لیگ ق کے دو وفاقی وزراء بھی کابینہ میں ساتھ ہوتے ہیں اور جب کابینہ نے بل کی منظوری دی تو وہ بھی شریک تھے، اس لئے اتحاد جماعتوں کا یہ کہنا کہ ان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تو یہ بات بے بنیاد ہے۔

تازہ ترین