اسلام آباد(اے پی پی ) قومی جوڈو کھلاڑی شاہ حسین شاہ برازیل میں ہونے والے اولمپک گیمز سے باہر ہو گئے۔ شاہ حسین شاہ کو برازیلین کھلاڑی کے ہاتھوں پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہ حسین شاہ کو فیڈریشن، پاکستان سپورٹس بورڈ اور وزارت بین الصوبائی رابطہ نے 2 سال اولمپک کوالیفکیشن راؤنڈ میں مواقع فراہم کئے تاہم وہ کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے ۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قازقستان کے شہر الماتے میں اولمپک کے آخری کوالیفائی راؤنڈ میں شاہ حسین شاہ کا مقابلہ برازیل کے کھلاڑی کے ساتھ تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ 5 منٹ تک جاری رہا تاہم شاہ حسین شاہ کوبرازیل کے کھلاڑی نے پہلے ہی راؤنڈ میں شکست دے کر برازیل میں ہونے والے اولمپک گیمز سے باہر کردیا۔ شاہ حسین شاہ اگر ایونٹ میں طلائی تمغہ حاصل کرلیتا تو وہ اولمپکس گیمز کیلئے کوالیفائی کر سکتا تھا۔