قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بوم بوم بیٹسمین شاہد آفریدی نے ماضی میں ایک بار غصے میں اپنے گھر کا ہی ’ٹی وی‘ توڑ دیا تھا۔
ماضی میں شاہد آفریدی نے ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ’اُنہوں نے غصے میں اپنے گھر کا ٹی وی توڑ دیا تھا۔‘
شاہد آفریدی کی یہ ویڈیو اب دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ’میں نے اپنی بیگم کی وجہ سے غصے میں ٹی وی توڑا تھا کیونکہ بیٹی اکیلی بیٹھ کر بھارتی ڈرامہ دیکھ رہی تھی۔‘
سابق کپتان نے کہا کہ ’پہلے ہمارے ہاں بھارتی ڈرامے بہت زیادہ دیکھے جاتے تھے تو میں نے اپنی بیگم سے کہا تھا کہ آپ اکیلی بیٹھ کر بھارتی ڈرامے دیکھ لیا کرو لیکن بچوں کے سامنے نہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ایک دن جب گھر آیا تو ٹی وی پر بھارتی ڈرامہ چل رہا تھا اور میری بیٹی اکیلی بیٹھ کر پوجا (آرتی) کر رہی تھی۔‘
شاہد آفریدی نے کہا کہ ’یہ دیکھ کر مجھے شدید غصہ آیا اور میں نے کہنی مار کر ٹی وی دیوار کے اندر کردیا۔‘
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ ’بچوں کی تربیت بہت ضروری ہے لیکن افسوس! آج کل کی مائیں بچوں کے رونے پر اُنہیں فون، آئی پیڈ اور ٹی وی کھول کر دے دیتی ہیں کیونکہ اُن کے پاس بچوں کے ساتھ بیٹھ کر باتیں کرنے کا وقت ہی نہیں ہوتا۔‘
واضح رہے کہ شاہد آفریدی 5 بیٹیوں کے باپ ہیں۔ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی عروہ گزشتہ سال فروری میں پیدا ہوئی تھی۔
شاہد آفریدی اکثر سوشل میڈیا پر اپنی بیٹیوں کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں جبکہ ماضی میں کئی بار آفریدی کی بیٹیاں والد کو کرکٹ گراؤنڈ میں سپورٹ کرنے بھی جا چکی ہیں۔