حکومت مخالف اتحادپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی جانب سے آج کوئٹہ میں پاور شو کا انعقاد کیا جائے گا جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
اپوزیشن اتحاد کی جانب سے ملک میں مہنگائی کے خلاف ایوب اسٹیڈیم سے ریلی نکالی جائے گی اور ایدھی چوک پر جلسہ ہوگا۔
احتجاجی جلسے سے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، محمود اچکزئی، عبدالمالک بلوچ، آفتاب احمد شیر پاؤ، سردار یعقوب ناصر سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔
اس سے قبل کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم عام آدمی کی آواز ہے، مہنگائی کی چکی میں پوری قوم پس رہی ہے، قوم پر ٹیکسز کے پہاڑ گرائے جارہے ہیں، لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس میں صدر نیشنل پارٹی (این پی) ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، قائم مقام صدر بی این پی عبدالولی کاکڑ، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما یعقوب ناصر اور دیگر بھی موجود تھے۔