وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے سعودی سفیر نواف بن سعود کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق اس موقع پر پاک سعودی تعلقات، باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں کراچی میں سعودی سفارت کار پر دہشت گردی کے واقعےکی تحقیقات جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
دوران گفتگو سعودی وفد نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات تاریخی ہیں، جن پر دونوں ملکوں کوفخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ کا پاک سعودی باہمی تعلقات کے فروغ میں کردار قابل ستائش ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سندھ حکومت کی مشترکا تحقیقاتی ٹیم 30 دن میں رپورٹ پیش کرے گی، واقعے میں ملوث تمام افرد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی سفارت کار پر 2011 ءمیں دہشت گردی کا واقعہ بہت افسوسناک تھا، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر ہیں۔