• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلط کاموں پر عدالت سے مہر لگانے کی کوشش کی جاتی ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے زائد المعیاد اپیلیں دائر کرنے پر چیف سیکرٹری کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا جبکہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ غیر قانونی طریقے سے اپیلیں منظور کرا کےغلط کاموں پر عدالت سے مہر لگوانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

بدھ کو سپریم کورٹ میں خیبرپختونخواہ حکومت کی سرکاری ملازمین سے متعلق مختلف اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

عدالت عظمیٰ نے خیبرپختونخواہ کی سرکاری اپیلیں تاخیر سے دائر ہونے پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم دیا۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ زائد المعیاد اپیلیں دائر کرنے والے ذمہ دار افسران سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔

دورا ن سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ایڈووکیٹ جنرل کے پی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایڈووکیٹ جنرل صاحب آپ غیر قانونی طریقے سے اپیلیں منظور کرانا چاہتے ہیں،غلط کاموں پر سپریم کورٹ سے مہر لگوانے کی کوشش کی جاتی ہے، خیبرپختونخوا سے تواتر کیساتھ زائد المعیاد اپیلیں دائر ہورہی ہیں، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کورونا وائرس کی وجہ سے کچھ اپیلیں دائر کرنے میں تاخیر ہوئیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ چیف سیکرٹری کو بلائیں ان سے وضاحت لیں گے، عدالت نے کے پی حکومت کی اپیلوں پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

تازہ ترین