اسلام آباد (حنیف خالد) قطری گیس لیکر چار کارگو شپ 18نومبر کو پاکستان پہنچ گئے۔ 30نومبر تک باقی چار ایل این جی لیکر کارگو شپ کراچی پہنچیں گے۔ اگلے ماہ 10کارگو شپ 2‘ 2ہزار ایم ایم سی ایف ایل این جی لیکر پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ پہنچیں گے۔ کراچی پورٹ پر اینگرو ایل این جی ٹرمینل پر ہر کارگو شپ تین دن تک چھ چھ سو ایم ایم سی ایف ایل این جی نیشنل سسٹم میں ڈالے گا۔ جبکہ سرکاری ملکیت کے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ ٹرمینل جو پورٹ قاسم پر ہے وہاں بھی 5کارگو ایل این جی شپ آئیں گے۔ نومبر میں آنیوالے آٹھوں ایل این جی کارگو شپ قطر سے پہنچ رہے ہیں جس کی قیمت سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے امیر قطر کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت صرف 11ڈالر ایم ایم سی ایف ہو گی۔ جبکہ دسمبر میں 8کارگو پاک قطر معاہدے کے مطابق 11‘ 11ڈالرز پر 2ہزار ایم ایم سی ایف ایل این جی لیکر پاکستان پہنچ رہے ہیں جبکہ موجودہ حکومت نے ٹینڈر کے ذریعے انٹرنیشنل مارکیٹ سے ایک کارگو 19ڈالر ایم ایم سی ایف اور دوسرا ایل این جی کارگو 30ڈالرز ایم ایم سی ایف پر منگوایا ہے جو دسمبر میں پہنچے گا۔