• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آشیانہ لیگ کی نائٹ کرکٹ سیزن کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) کرکٹ ودیگر کھیلوں سے نہ صرف صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے بلکہ نوجوانوں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں، اسٹریٹ کرائم، نائف کرائم سے دور کرکے مین اسٹریم معاشرے کا حصہ بنایا جاسکتا ہے، کرکٹ کے ذریعے بلیک ایتھنک مینارٹی کو اپنی جانب راغب کیا جاسکتا ہے کیونکہ کرکٹ ان کا پسندیدہ کھیل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی میئر برمنگھم سٹی کونسل کونسلر محمد عظیم، کونسلر ظہور ملک، کونسلر ماجد، میئر آف ووسٹر کونسلر چوہدری اللہ دتہ، چوہدری خالد اور دیگر نے آشیانہ کرکٹ لیگ کی جانب سے سالانہ پریذنٹیشن نائٹ سیزن کے اختتام پر جلسہ تقسیم انعامات کی تقریب میں کیا جس میں تقریباً 50سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا۔ٹیموں میں سنڈے لیگ، اتوار لیگ، سنیچر ڈے لیگ، ہفتہ وار لیگ، مڈ ویک لیگ شامل تھیں،ڈویژن کی سطح جیتنے والی ٹیموں کو مہمانان خصوصی نےانعامات سے نوازا، اور انفرادی کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو بھی خصوصی انعامات دئیے گئے۔ کورونا کی وجہ سے یہ تقریب گزشتہ دو سال سے نہیں ہوسکی تھی، اس لیے شائقین کرکٹ، کمیونٹی شخصیات نے تقریب میں گرمجوشی سے شرکت کی اور ہال کچھا کھچ بھرا ہوا تھا۔تقریب کے انتظامات میزبان چوہدری محمد شفیق، کونسلر ملک ظہور نے کئے تھے۔ نظامت کے فرائض کونسلر ملک ظہور نے انجام دیئے، اس موقع پر کھلاڑی انتہائی خوش تھے۔ ڈپٹی لارڈ میئر برمنگھم کونسلر چوہدری عظیم نے کہا کہ یہ تقریب انتہائی خوش آئند ہے، ایک جانب مختلف کمیونٹیز کے نمائندوں کو مل بیٹھنے کا موقع ملا اور دوسری جانب ہماری کمیونٹی سے اعلیٰ کارکردگی کے حامل کھلاڑی اور ان کی کارکردگی کھل کر سامنے آئی۔ میئر آف ووسٹر کونسلر چوہدری اللہ دتہ نے کہا کہ اس تقریب کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے کرکٹ کو فروغ دے کر نوجوانوں میں اسپورٹس مین اسپرٹ کا جذبہ بیدار کیاجس طرح نوجوانوں نے رضاکارانہ طور پر مہمان نوازی کی وہ قابل تحسین ہے۔ چوہدری محمد شفیق کا کہنا تھا کہ اپنے طور پر ہم نے کرکٹ کو فروغ دینے کا کام شروع کر رکھا ہے، سٹی کونسل سمیت دیگر تنظیمیں اگر تعاون کریں تو اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جاسکتا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب اسی کمیونٹی اور اسی آشیانہ کرکٹ لیگ سے کھلاڑی بھر کر سامنے آئیں گے اور برطانیہ کی نمائندگی کریں گے جو ہمارے ملک و قوم کے لیے باعث فخر ہوگا۔ تقریب میں کھلاڑیوں کے علاوہ امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے اور کرکٹ کے دیگر شعبوں میں خدمات دینے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں ٹرافیاں پیش کی گئیں۔ کونسلر ملک ظہور نے شرکا سے اظہار تشکر کیا۔

تازہ ترین